لاہور(سپورٹس رپورٹر)بھارتی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کو تبدیل کرنے کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔ موجودہ ہیڈ کوچ راہول ڈریوڈ کے عہدے کی میعاد جون میں ختم ہو رہی ہے۔ وہ نومبر 2021ء سے بھارتی ٹیم کے ہیڈ کوچ ہیں۔ راہول ڈریوڈ کے عہدے کی میعاد ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے دوران ختم ہوجائیگی اور ان کے کنٹریکٹ میں توسیع کا امکان نہیں ہے۔بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری جے شاہ نے تصدیق کی ہے کہ نئے ہیڈ کوچ کیلئے اشتہار جلد دیا جائیگا۔جے شاہ نے کہا ہے کہ راہول ڈریوڈ اگر چاہیں تو ہیڈ کوچ کیلئے درخواست دے سکتے ہیں لیکن پہلے کی طرح توسیع نہیں ہوگی۔انہوں نے غیرملکی کوچ کو لانے کے حوالے سے بھی صاف منع کیا ہے۔