قصور(نمائندہ نوائے وقت)گرمی کی شدت میں اضافہ کے ساتھ ہی قصور اور گردونواح میں ناقص‘ غیر معیاری اور مضر صحت جوس اور مختلف برانڈ کی جعلی بوتلوں کا دھندہ عروج پر پہنچ گیا جبکہ متعلقہ اداروں کی طرف سے خاموشی پر شہری پریشان ہو گئے ۔ قصور شہر کے بازاروں اور مارکیٹوں ودیگر قصبات میں دو نمبر جوس اور برانڈ کے نام پر غیر معیاری بوتلوں اور مضر صحت بوتلوں کی فروخت کا دھندہ عروج پر پہنچ گیا ہے۔ مختلف برانڈ کی جعلی بوتلیں اور مضر صحت ناقص غیر معیاری جوس پینے سے بچے خواتین اور نوجوان مختلف امراض کا شکار ہو رہے ہیں مگر انھیں پوچھنے والا کوئی نہیں۔ شہر کے عوامی سماجی حلقوں اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے۔ فوڈ اتھارٹی کے ذمہ داروں اور مقامی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ جعلی بوتلیں اور مضر صحت جوس فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔