قبضہ مافیا کی گنجائش نہیں ‘زمین جائیداد ہتھیانے والوں کو آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کا حکم  

May 11, 2024

لاہور(نامہ نگار)کیپٹل سٹی پولیس آفیسرلاہور بلال صدیق کمیانہ کی نگرانی میں لاہور پولیس کی جرائم پیشہ عناصر، قبضہ مافیا اور ان کے سرپرستوں کیخلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن جاری ہے۔ لاہور پولیس نے غیرقانونی قبضے کی ایک شکایت پر فوری ایکشن لیتے ہوئے تبسم فیاض نامی ضعیف بیوہ کا کروڑوں روپے مالیت کا مکان قبضہ مافیا سے واگزار کر والیاہے۔عارف نامی ملزم نے گلشن راوی کے علاقے کی بیوہ خاتون کا مکان جعلسازی سے ہتھیا لیا تھا۔خاتون نے داد رسی کیلئے کیپٹل سٹی پولیس ہیڈکوارٹر کے کمپلینٹ سیل سے رجوع کیا۔درخواست پر ایل ڈی اے اور محکمہ پولیس پر مشتمل کمیٹی نے دستاویزی شواہد کی بنا پر قانونی کارروائی کی سفارش کی تھی۔سی سی پی او لاہور کی خصوصی ہدایات پر کارروائی عمل میں لاتے ہوئے پولیس نے ملزمان سے مکان واگزارکروا کر بیوہ خاتون کو قبضہ دلوا دیاہے۔بیوہ تبسم فیاض نے بروقت ایکشن لینے اور زمین کا قبضہ واپس دلوانے پرلاہور پولیس کا شکریہ ادا کیاہے۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ قبضہ مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ قبضہ مافیا کی قطعی کوئی گنجائش نہیں،شہریوں کی زمین جائیداد ہتھیانے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جارہا ہے۔محکمہ پولیس میں جدید اصلاحات سے سروس ڈیلیوری میں بہتری آئی ہے۔ لوگوں کو ریلیف کی فراہمی لاہور پولیس کا اہم فریضہ ہے اورعوام کے مسائل کا بروقت حل یقینی بنایا جا رہا ہے۔

مزیدخبریں