کامن ویلتھ یوتھ سیکرٹریٹ پاکستان میں بننے سے نوجوانوں کو 56ممالک تک رسائی ہو گی: رانا مشہود احمد 

اسلام آباد(این این آئی)وزراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد نے کہا ہے کہ کامن ویلتھ یوتھ سیکرٹریٹ پاکستان میں بننے سے نوجوانوں کو 56ممالک تک رسائی ہو گی، وزیراعظم کا مشن معیشت کی بہتری کیساتھ ساتھ نوجوانوں کو بااختیار بنانا ہے، حکومت کے دانشمندانہ اقدامات کے باعث تمام معاشی اشارے مثبت راہ پر گامزن ہیں، وزیراعظم کی خصوصی دلچسپی سے قومی ہاکی ٹیم شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہے۔جمعہ کو یہاں کامن ویلتھ کے وفد کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں عام انتخابات کے بعد معیشت اپنے پائوں پر کھڑی ہو رہی ہے،دنیا کا رخ پاکستان کی طرف ہوچکا ہے ،اربوں ڈالرز کی سرمایہ کاری ہو رہی ہے، یہ خوشی کی نوید ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں مہنگائی کم ہو رہی ہے ، سی پیک دوبارہ بحال ہونے جا رہا ہے ، آئی ایم ایف کے ساتھ ڈیل کرنا ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری 7 سالوں میں پاکستان نہیں آسکی ، اب سرمایہ کاروں کا پاکستان پر اعتماد بڑھ رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان ہاکی کے دو گروپس بن گئے تھے،پاکستان ہاکی ٹیم بلیک لسٹ ہونے جا رہی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر قومی کیمپ لگایا گیا ،وزیراعظم کے اقدامات کے باعث پاکستان 13سال بعد اذلان شاہ ہاکی کپ کا فائنل کھیلنے جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کا ہر شعبہ بہتری کی جانب گامزن ہے، چین بھی بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری کے لئے آ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کامن ویلتھ یوتھ سیکرٹریٹ میں پاکستان کو پہلی بار چیئرمین شپ ملی ہے ، 50سال میں پہلی بار یہ چیئرمین شپ پاکستان کو دی گئی ، کامن ویلتھ ایشیا یوتھ الائنس بھی تشکیل دیدیا ہے ،کامن ویلتھ ایشیا یوتھ الائنس کا سیکرٹریٹ پاکستان میں بنے گا۔

ای پیپر دی نیشن