سرمروت نے فوج سے آزادی مانگی تھی۔ انہیں آزادی مل تو گئی لیکن وہاں سے نہیں جہاں سے مانگی تھی بلکہ وہاں سے جہاں کی ’’غلامی‘‘ پر انہیں فخر تھا یعنی قائد انقلاب گریٹر خان سے جنہوں نے روزِ گزشتہ انہیں پی ٹی آئی کی سیاسی اور کور کمیٹی سے نکال باہر کیا اور شرف ملاقات کی دو کوششوں کو بھی ناکام بنا دیا۔ پہلے دن یہ کہہ کر ملاقات نہیں کی کہ کل آنا۔ کل آیا تو کہا اب کبھی مت آنا۔
پختونخواہ کا وہ جلسہ یاد آ رہا ہے جس میں وہ فوج کو للکار رہے تھے کہ ہمیں آزادی دے دو ورنہ تم سے بزور قوّت آزادی چھین لیں گے، چھین کر دکھائیں گے۔ بزور قوت یعنی گن پوائنٹ پر۔ پارٹی سے نکالے جانے کے بعد مروت صاحب اب زیادہ سے زیادہ کسی کانسٹیبل ہی کو للکار سکیں گے، وہ بھی اپنی ذمہ داری پر۔
_____
مروت صاحب کا عروج ڈیڑھ دو ماہ پہلے گزر چکا۔ پارٹی کے متوالے انہیں عمران خان ثانی کہا کرتے تھے۔ وہ پارٹی کے واحد لیڈر تھے جو بندے اکٹھے کر سکتے تھے یعنی ’’کرائوڈ پلر‘‘ تھے۔ تصور کیجئے پنجوتھہ صاحب یا شبلی فراز، عمر ایوب وغیرہ کتنے لوگ اکٹھے کر سکتے ہیں۔ یہ دعویٰ تو خیر کل رئوف حسن نے بھی کیا تھا کہ ایک کال پر اسلام آباد میں دو لاکھ بندے نکال سکتا ہوں۔ مروت راوی ہیں کہ ایک مرتبہ خان نے مجھے کہا، مروت جیل کے اندر میں ہوں اور جیل کے باہر تم ہو۔ تیجا رہے نہ کوئے…!
آثار مروت صاحب کے نکالے جانے کے کئی دنوں سے نظر آ رہے تھے۔ پہلے انہیں پبلک اکائونٹس کمیٹی کی صدارت کیلئے نامزد کیا گیا، پھر یہ نامزدگی واپس لے لی گئی، پھر ان کے بھائی کو گنڈاپوری کابینہ سے نکال باہر کیا گیا اور اب یہ ہو گیا۔
_____
فارغ خطی کے بعد موصوف غصے میں آ گئے۔ باہر آ کر میڈیا سے خطاب فرمایا اور کہا کہ گریٹ خان کو ہر طرف سے گمراہ کیا جا رہا ہے۔ واللہ، کوئی لیڈر ایسا بھی ہوتا ہے کہ جو ہر طرف سے گمراہ ہو۔
ع: یہ رتبہ بلند ملا جس کو مل گیا۔
مزید فرمایا کہ یہ سب مشٹنڈے ہیں۔ ’’یہ سب‘‘ میں شعیب شاہین، کوئی پنجوتھا صاحب، شبلی فراز ، عمر ایوب وغیرہ۔ نیز دو تین مزید وغیرہ شامل تھے۔
شیر مروت نے حفظِ مراتب کا خیال نہیں رکھا حالانکہ ان سب میں جن کو مروت صاحب نے ’’مشٹنڈگان‘‘ کا خطاب دیا، عمر ایوب صاحب بھی شامل ہیں جو فیلڈ مارشل کا پوتا صاحب ہونے کے ناطے باقی سب میں ممتاز اور جیّد ہیں۔
چلئے، یہ نہ کہتے کہ عمر صاحب ان مشنڈگان کے فیلڈ مارشل ہیں، یہی کہہ دیتے کہ ’’امیر المشٹنڈگان‘‘ ہیں۔ حفظ مراتب کا خیال نہ رکھ کر، ہماری ناقص رائے میں، مروت صاحب نے عمر ایوب سے بہت زیادتی کی۔ معمول کے مشٹنڈے اور عالی نسب مشٹنڈے میں فرق تو رکھنا ہی چاہیے۔
_____
چِت بھی میری پَٹ بھی میری اور انٹا باوا جان کا۔ کچھ دن پہلے تک ٹی وی چینلز پر کئی ’’باخبر ذرائع‘‘ بار بار یہ کہتے سنے گئے کہ ادھر سے بار بار کال آ رہی ہے، خان نے تنگ آ کر تین رکنی کمیٹی بنا ہی دی کہ چلو کوئی بات نہیں، جا کر مذاکرات کر لو۔ سن لو کیا کہتے ہیں پھر دیکھیں گے کہ کیا کرنا ہے، انہیں معافی دینی ہے یا نہیں۔ ایک ’’باخبر ذرائع‘‘ نے یہ بھی کہا کہ خان نے کمیٹی بنا تو دی ہے لیکن وہ ڈٹ گیا ہے کہ اپنی شرطیں منوائے بغیر معافی نہیں دے گا۔ معافی تو انہیں آ کر مانگنی ہی پڑے گی، بعد میں کیا پتہ، خان انہیں معاف کر بھی دے۔
گزشتہ رز خان جیل میں اخبار نویسوں سے یہ کہتا پایا گیا کہ وہ مجھ سے کوئی مذاکرات نہیں کریں گے۔ ٹھیک ہے، مجھ سے بات نہیں کرنی نہ کرو، لیکن معافی مانگنے کا حکم تو نہ دو۔
وہی باخبر ذرائع رات یہ کہتے پائے گئے کہ دیکھا، ہم نہ کہتے تھے کہ خان تو بڑے دل والا ہے، مذاکرات کیلئے ہر وقت تیار ہے، لیکن وہ ہی نہیں مانتے تو بے چارا خان کیا کرے۔
چِت بھی میری، پَٹ بھی میری، انٹا باوا جان کا
_____
سابق پرائمری ٹیچر حال ارب پتی سیاستدان کے بارے میں ایک مصدقہ خبر ہے۔ دو رز پہلے انہوں نے فرمایا تھا کہ معافی تو ہم اپنے باپ سے بھی نہیں مانگیں گے۔
خبر یہ ہیکہ پچھلے دو روز میں، یعنی اس بیان کے دینے کے فوراً بعد سے کل شام تک انہوں نے تین افراد سے رابطہ کیا۔ دو نے فون اٹھایا، ان دونوں سے معافی مانگی اور تیسرے نے فون نہیں اٹھایا۔
معافی مشن دوتہائی مکمل ہو چکا ہے، تادم تحریر ایک تہائی مشن ابھی باقی ہے۔
ہاتھی اور اس سے ملتی جلتی چیزوں کے باہر والے دانت اور، اندر والے اور ہوتے ہیں۔
_____
ایک اور خبر یہ ہے کہ گندم سکینڈل کے مرکزی کردار نے حال ہی میں اسلام آباد کے ایک عالی مرتبت پوش علاقے میں کئی ارب روپے مالیت کا گھر خرید لیا ہے اور اب اس میں جنت الفردوس کی زندگی گزار رہے ہیں۔
اس کردار کی بلا پنجاب حکومت کے گلے پڑ گئی۔ اس کے پاس گندم خریدنے کے پیسے نہیں کہ پنجاب کا خزانہ نگران سرکار خالی کر گئی۔ نتیجہ یہ ہے کہ پنجاب کے دیہی علاقوں میں مسلم لیگ ن کا ووٹ بنک، مئی کی گرمی میں برف کی طرح پگھلتا جا رہا ہے۔
بڑے بھائی نے چھوٹے کو بلایا اور حکم دیا کہ گندم سکینڈل کے ڈاکوئوں کے خلاف سخت کارروائی کرو۔
چھوٹا بھائی "ہنس دیا اور چپ رہا، منظور تھا پردہ تِرا"کی تصویر بنا رہا۔ ’’تِرا‘‘ سے مراد وہ مقدس ہستی ہے جس نے کئی ارب کا گھر خریدا۔
چھوٹا بھائی ڈٹ گیا ہے کہ گندم سکینڈل کے کسی بھی کردار کا بال تک بیکا نہیں ہونے دوں گا۔ ووٹ بنک کا کیا ہے، آتا جاتا رہتا ہے۔