لاہور( خصوصی نامہ نگار)ناظم اعلیٰ جامعہ نعیمیہ علامہ ڈاکٹرراغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ حرام کی کمائی کھانے سے دعاقبول نہیں ہوتی خریدوفروخت کے دوران دھوکہ دہی کرنیوالا روزمحشرجواب دہ ہوگا۔اسلامی نقطہ نظر سے تاجر پر لازم ہے کہ وہ شے کے معیار کے متعلق صحیح معلومات خریدار کو بتا دے، کسی چیز کے کسی بھی نقص کو نہ چھپائے، اگر چیز میں کوئی نقص پڑگیا ہو تو اسے چھپانے کے بہ جائے خریدار کو سودا طے کرنے سے پہلے آگاہ کردے۔اچھے معیار کی چیز میں گھٹیا شے کی ملاوٹ حرام بھی ہے اور کاروباری اصولوں کے مطابق یہ ناقابل معافی جرم بھی ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہامسلمان تاجروں کو چاہیے کہ وہ کم نفع پر صبر کی روش اختیار کریں۔