نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ) بھارت میں ہندوتوا کے غنڈوں نے احمد آباد میں ایک تاریخی درگاہ کے اندر قبروں کو مسمار کرکے ان کی جگہ مورتیاں نصب کر دیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ واقعہ بھارتی ریاست گجرات کے شہر احمد باد میں امام شاہ بابا کی 600 سال پرانی درگاہ پر پیش آیا۔ انتہا پسند ہندوئوں نے درگاہ پر دھاوا بول دیا۔اس درگاہ کو ہندوئوں کا مقدس مقام ہونے کا دعویٰ کرکے کافی عرصے سے انتہا پسند غنڈے قبضہ کرنے کی کوشش کر رہے تھے اور حملہ آوروں نے درگاہ کی بے حرمتی کی اور قبروں کو مسمار کرکے مزار میں مورتیاں نصب کر دیں۔درگاہ پر حملے کی اطلاع ملنے پر مسلمان بڑی تعداد میں جمع ہوگئے اور درگاہ کی بیحرمتی سے روکنے کی کوشش کی۔ اس موقع پر حملہ آورں سے تصادم بھی ہوا جس میں 4 افراد زخمی ہوگئے۔پولیس حسبِ معمول تاخیر سے پہنچی اور 30 افراد کو حراست میں لے لیا جس میں بڑی تعداد مسلمانوں کی بھی ہے۔بابری مسجد کی جگہ رام مندر کی تعمیر کے بعد سے بھارت میں تاریخی مساجد اور درگاہوں پر قبضے معمول کی بات بن گئی ہے اور اب بھی 3 بڑی تاریخی مساجد کے مقدمات عدالت میں زیر سماعت ہیں۔