اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جنرل سیکرٹری عمر ایوب نے کہا ہے کہ 9 مئی 2023 کو پی ٹی آئی کے 15 لوگوں کو شہید سیکڑوں لوگوں کو زخمی کیا گیا، 9 مئی کو جاں بحق افراد کے لواحقین کو ڈرایا دھمکایا گیا۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں آئین اور قانون کی حکمرانی ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جس ملک میں امن نہیں ہوگا، وہاں سرمایہ کاری نہیں ہوگی۔ مسلم لیگ (ن) کو بانی پی ٹی آئی عمران خان کا خوف ہے، اس کی فاشسٹ حکومت کو خوف ہے، یہ حکومت زیادہ دیر نہیں چل سکتی۔ پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ جماعت اسلامی کے مظاہرے پر لاٹھی چارج کی مذمت کرتا ہوں، گوجر خان میں صبح سے پولیس کی گاڑیاں پہنچ رہی ہیں۔ ہمیں جلسہ نہیں کرنے دیا گیا۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ہم سب بانی چیئرمین پی ٹی آئی کے سپاہی ہیں، ہماری آئین اور قانون کی جنگ آخری سانس تک جاری رہے گی۔
(ن) لیگ کو بانی چیئرمین کا خوف، فاشسٹ حکومت زیادہ دیر نہیں چل سکتی: عمر ایوب
May 11, 2024