اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے+خبر نگار+ نوائے وقت رپورٹ) جماعت اسلامی پاکستان کے سٹوڈنٹ ونگ اسلامی جمعیت طلبہ کی جانب سے اسرائیلی جارحیت کے خلاف اور فلسطین کی حمایت میں اسلام آباد میں غزہ مارچ کا اہتمام کیا گیا جس کے دوران ریڈ زون میں داخلے کی کوشش پرکارکنوں کی پولیس سے جھڑپ ہوگئی۔ سینیٹر مشتاق احمد خان اور کاشف چودھری سمیت دیگر کی قیادت میں ریلی میں سینکڑوں کی تعداد میں طلبہ و طالبات و دیگر شریک ہوئے۔ سرینا چوک پر اسلامی جمعیت طلبہ کے زیر اہتمام غزہ مارچ کے دوران پولیس نے ریلی کو امریکی سفارتخانے جانے سے روک دیا جبکہ کارکنان نے خاردار تاریں عبور کر لیں۔ اس دوران مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے اور فلسطین کے حق میں نعرے لگا رہے تھے۔ شرکاء خیابان سہروردی تک پہنچ گئے۔ ترجمان پولیس نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کے کارکنان کے مظاہرین نے ریڈ زون میں داخلے کی کوشش کی۔ امن و امان قائم رکھنے کے لئے اسلام آباد پولیس الرٹ ہے۔ ریڈ زون میں مظاہرین کو داخلے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
جمعیت کا اسلام آباد میں غزہ مارچ، پولیس نے امریکی سفارتخانہ جانے سے روک دیا، جھڑپ
May 11, 2024