نجکاری کمیٹی نے پی آ ئی اے، یوٹیلٹی سٹورز سمیت 24 اداروں کی پرائیویٹائزیشن کی منظوری دیدی

May 11, 2024

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) حکومت کی نجکاری کمیٹی نے 24 اداروں کی نجکاری کی سفارش کر دی۔ نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار کی زیرصدارت نجکاری کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وزارت نجکاری کی طرف سے مرحلہ وار نجکاری پروگرام پیش کیا گیا۔ اجلاس کے اعلامیے کے مطابق فیصلہ کیا گیا ہے کہ خسارے میں چلنے والے اداروں کی نجکاری کو ترجیح دی جائے گی جبکہ منافع بخش اداروں کی نجکاری پر بھی غور کیا جائے گا۔ حکومت کا دائرہ کار سٹرٹیجک اور ضروری ریاستی اداروں تک ہو گا۔ سٹرٹیجک اور ضروری ریاستی ملکیتی اداروں کی درجہ بندی کی جائے گی، درجہ بندی میں نہ آنے والے ایس او ایز کو نجکاری میں شامل کیا جائے گا۔ اجلاس میں 84 ایس او ایز کی نجکاری پر تفصیلی غور کیا گیا جبکہ نجکاری کمیٹی نے 24 اداروں کی نجکاری کی سفارش کردی۔ نجکاری کیلئے سفارش کیے گئے اداروں کی فہرست نجی ٹی وی نے حاصل کرلی جس میں پی آئی اے، فرسٹ وومن بینک لمیٹڈ، ایچ بی ایف سی، زرعی ترقیاتی بینک، یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن، پیکو، جنکو ون،  ٹو، تھری، فور شامل ہیں۔ بجلی کی تقسیم کار کمپنیاں لیسکو، پیسکو، آئیسکو، میپکو، جیپکو، حیسکو، پیسکو، سیپکو اور دیگر ادارے نجکاری فہرست میں شامل ہیں۔ سٹیٹ لائف انشورنس، سندھ انجینئرنگ لمیٹڈ، پاکستان ری انشورنس کارپوریشن بھی نجکاری کی فہرست میں شامل ہیں۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ اگلی میٹنگ میں مرحلہ وار نجکاری پروگرام کو حتمی شکل دی جائے۔

مزیدخبریں