پاکستانی سیٹلائٹ مشن آئی کیوب قمر سے پہلی تصویر موصول چاند کے گرد 3 چکر لگائے

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+نمائندہ خصوصی) پاکستان کا پہلا سیٹلائٹ مشن آئی کیوب قمر کامیابی سے چاند کے مدار میں داخل ہوگیا جس کی پہلی تصویر سامنے آگئی۔ انسٹی ٹیوٹ آف سپیس ٹیکنالوجی کے مطابق آئی کیوب قمر نے چاند کے گرد 3 چکر لگا لئے ہیں۔ مشن 3 سے 6 ماہ تک چاند کے مدار میں گردش کرے گا۔ پاکستان کا سیٹلائٹ آئی کیوب قمر 8 مئی کو کامیابی سے چاند کے مدار میں داخل ہوگیا تھا۔ انسٹی ٹیوٹ آف سپیس ٹیکنالوجی کے مطابق چاند کے مدار میں داخل ہونے والا پہلا پاکستانی سٹیلائٹ آئی کیوب قمر 12 گھنٹے میں چاند کا چکر مکمل کرتا ہے، آئی کیوب قمر چاند کے مدار میں چاند کی سطح سے دو سو کلومیٹر کے فاصلے سے منظر کشی کرے گا۔ آئی کیوب قمر کے سگنلز 3 لاکھ 60ہزار سے 4 لاکھ کلومیٹر کا فاصلہ طے کر کے زمین پر موصول ہوں گے۔ ترجمان نے بتایا کہ آئی کیوب قمر کے کنٹرولرز، سب سسٹمز اور پروٹوکولز کی مدار میں ٹیسٹنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ یہ مشن چاند کے مدار میں پہنچنے کے بعد 5 سے 6 دن تک تجرباتی مراحل میں رہے گا۔ یاد رہے کہ آئی کیوب قمر کو چینی مشن چینگ6 کے ساتھ 3مئی کو ہینان سپیس لانچ سائٹ سے خلا میں بھیجا گیا تھا۔ آئی کیوب قمر سے لی گئی پہلی تصویر باضابطہ طور پر پاکستانی سفیر کے حوالے کر دی گئی۔ آئی کیوب قمر کی اس پہلی تصویر میں سورج کی روشنی دکھائی دے رہی ہے۔ چائنا نیشنل سپیس ایڈمنسٹریشن میں آئی کیوب قمر کے کامیاب مشن پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں چینی حکام نے آئی کیوب قمر سے موصول ہونے والا پہلا امیج پاکستانی سفیر خلیل ہاشمی کے حوالے کر دیا۔

ای پیپر دی نیشن