اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) 13برس سے رکا ہوا اسلام آباد میں جیل کی تعمیر کا منصوبہ 6 ماہ میں مکمل ہو گا۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے یہ حکم اسلام آباد کے سیکٹر ایچ میں زیر تعمیر جیل کے دورہ کے موقع پر جاری کیا۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے زیر تعمیر جیل کا معائنہ کیا اور جیل کی تعمیر کے پہلے مرحلے کو 6 ماہ میں مکمل کرنے کا ٹاسک دے دیا۔ چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا اور آئی جی اسلام آباد پولیس سید علی ناصر رضوی کو تعمیراتی سرگرمیوں پر باقاعدگی سے پیش رفت کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔ محسن نقوی نے کہا کہ 13برس تک منصوبے کو لٹکائے رکھنا صریحاً نااہلی ہے۔ دن رات کام کر کے جیل کی تعمیر کا کام ٹائم لائن میں مکمل کیا جائے۔ ضروری عملے کی تعیناتی کا عمل بھی فوری شروع کیا جائے۔ محسن نقوی نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل کیلئے وسائل کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے زیر تعمیر منصوبے کی تکمیل کے حوالے سے متعلقہ حکام کو ہدایات دیں۔ چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے پراجیکٹ کے بارے میں بریفنگ دی۔ دریں اثناء وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سے اٹلی کی سفیر میریلینا ارملین نے ملاقات کی۔ غیر قانونی طور پر اٹلی جانے والے پاکستانیوں کا داخلہ روکنے کے لئے معاہدے پر اتفاق کیا گیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ انسانی سمگلنگ روکنے کیلئے باہمی تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔ پاکستان اور اٹلی کے درمیان انسانی سمگلنگ روکنے کے معاہدے کو جلد حتمی شکل دی جائے گی۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے متعلقہ حکام کو موقع پر ہی احکامات دئیے۔ غیر قانونی طور پر اٹلی جانے والے پاکستانیوں کا داخلہ روکنے کے لئے مشترکہ پالیسی اپنانے پر اتفاق کیا گیا۔ میلان اور اسلام آباد کو سسٹر سٹیزکا درجہ دینے کی تجویز دی گئی۔ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان بھر میں انسانی سمگلنگ کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔ انسانی سمگلنگ کے مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی ہے۔ اٹلی غیر قانونی طور پر جانے والوں کو ناصرف جیل جانا پڑے گا بلکہ رقم بھی ضائع ہو گی۔ محسن نقوی نے کہا کہ انسانی سمگلنگ روکنے کے لئے ایف آئی اے کو بھرپور کارروائی کا حکم دیا ہے۔ انسانی سمگلنگ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ پاکستان سے اٹلی قانونی طور پر ہنر مند افرادی قوت بھیجی جائے گی۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاکستان میں اٹلی کی سفیر کی ذمہ داری سنبھالنے پر میریلینا ارملین کو مبارکباد دی۔