مدینہ منورہ (جاوید اقبال بٹ) پاکستان حج مشن مدینہ منورہ کے ڈائریکٹر ضیاء الرحمن نے نوائے وقت سے گفتگو کرتے کہا کہ پاکستانی حجاج کرام کی مدینہ منورہ آمد کا سلسلہ جاری و ساری ہے۔ اس وقت مدینہ منورہ میں 2500 سے زائد حجاج پہنچ چکے ہیں اور رات گئے تک ان کی مجموعی تعداد 3400 ہوگی جو مختلف شہروں سے 15 پروازوں سے آمد ہوگی۔ جبکہ اس سال ایک لاکھ پچاس ہزار سے زائد حجاج فریضہ حج ادا کریں گے۔ حجاج کرام کو مسجد نبویؐ کے قرب و جوار فور اور فائیو سٹار ہوٹلوں میں ٹھہرایا جارہا ہے۔ پاکستان سمیت دنیا بھر سے حجاج کرام کی کثیر تعداد نے مسجد نبویؐ میں نماز جمعہ ادا کی۔ حجاج کے رش کے باعث مسجد نبویؐ کے چھت کے دروازے بھی کھول دیئے گئے۔