لاہور (نمائندہ خصوصی) تحریک انصاف نظریاتی کے چیئرمین اختر اقبال ڈار نے کہا ہے کہ 9مئی کے ملزمان کو سزا نہ دینا پاکستان ملک و قوم اور آئندہ آنے والی نسلوں کو سزا دینے کے مترادف ہو گا۔ پاکستان کی سالمیت ریاستی اداروں، شہداء کے مجسموں کی توڑ پھوڑ کرنے والا کسی صورت بھی معافی کے لائق نہیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کی طرف سے بانی پی ٹی آئی کو جرم قبول کرکے پوری قوم کے سامنے معافی مانگنے کی آفر مثبت ترین اقدام ہے۔ اس سے سیاسی فاصلے، رنجشیں کم ہوں گی اور فضا خوشگوار ہوسکتی ہے۔ مگر بانی پی ٹی آئی کی طرف سے ہٹ دھرمی خود غرضی اور بے شرمی کا مظاہرہ ہوا۔ اس نے معافی مانگنے کی بجائے ان سے ہی معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے جو چور الٹا کوتوال کو ڈانٹے کے مترادف ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی سیاسی جماعت نہ پہلے تھی نہ اب ہے، یہ دہشت گردوں، شرپسندوں کا ٹولہ ہے، اس پر پابند ی لگا کر پاکستان اور نوجوان نسل کا مستقبل محفوظ بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ 8فروری کے الیکشن میں عوام نے مہنگائی، بجلی، گیس، پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف ووٹ دیا تھا۔ اس ووٹ کو بانی پی ٹی آئی اپنے حق میں استعمال نہیں کرسکتا۔ جو شخص خود مینڈیٹ چوری میں ملوث ہو وہ مینڈیٹ چوری کا الزام نہیں لگا سکتا۔ عمران خان پاکستان کی سیاست میں ڈراؤنا خواب تھا جو قوم کے بیدار ہونے پر ختم ہو چکا ہے۔
9 مئی کے مجرم معافی کے لائق نہیں: اختر اقبال ڈار
May 11, 2024