اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) نے تھرمل پاور سیکٹر میں انضمام کی منظوری دے دی ہے۔ اس منظور شدہ ٹرانزیکشن میں وِسلر انٹرپرائزز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کی جانب سے اورینٹ پاور کمپنی (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے 20.97 فی صد شیئر ہولڈنگ کا حصول شامل ہے۔ وِسلر انٹرپرائزز (پرائیویٹ) لمیٹڈ، پاکستان کے قوانین کے تحت حال ہی میں قائم کی گئی پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی ہے جو پاور جنریشن کے کاروبار اور متعلقہ مصنوعات اور خدمات کا کام کر رہی ہے۔ جبکہ اورینٹ پاور کمپنی (پرائیویٹ) لمیٹڈ ایک خود مختار پاور پروڈیوسر ہے جو بلوکی، قصور میں 225 میگاواٹ پاور پلانٹ چلا رہی ہے۔یہ حصص محمود ٹیکسٹائل ملز لمیٹڈ اور جناب خواجہ مہر علی سے حصص کی خریداری کے معاہدے کے تحت حاصل کئے جا رہے ہیں ۔سی سی پی فیز 1 جائزہ کے مطابق اس ٹرانزیکشن میں ' پاور جنریشن ? تھرمل' کو متعلقہ پراڈکٹ مارکیٹ کے طور پر لیا گیا ہے۔ چونکہ تھرمل پاور جنریشن سیگمنٹ میں اورینٹ پاور کمپنی کا مارکیٹ شیئر 1% سے کم ہے، اس لئے متعلقہ مارکیٹ میں اس ٹرانزیکشن کے بعد کوئی تبدیلی نہیں آئے گی اور وِسلر انٹرپرائزز کو معلقہ مارکیٹ میں بالا دست پوزیشن حاصل نہیں ہو گی ۔ اس لئے اس مرجر کو کمپٹیشن ایکٹ، 2010 کے سیکشن 31 کے تحت منظور کر لیا گیا ہے۔