صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے اذلان شاہ ہاکی کپ میں شاندار کارکردگی پرپاکستان ہاکی ٹیم کی تعریف کی ہے۔ایک بیان میں صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان ہاکی ٹیم نے فائنل سمیت پورے ٹورنامنٹ میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا، پاکستانی ہاکی ٹیم کا عرصے بعد بڑے ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچناخوش آئند ہے۔صدر مملکت کا کہنا تھا کہ قومی کھیل ہاکی کی ترقی اور فروغ پر توجہ دینے کی ضرورت ہے، اُمید ہے قومی ہاکی ٹیم مستقبل میں بھی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔وزیراعظم شہباز شریف نے بھی اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں عمدہ کارکردگی پر قومی ہاکی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔وزیراعظم کا کہنا ہےکہ کھلاڑیوں نے ٹورنامنٹ کے دوران شاندار کارکردگی پر فائنل تک رسائی حاصل کی، جاپان کے خلاف بھی پاکستانی ٹیم نے فائنل میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے، قومی ہاکی ٹیم نےقوم کےدل جیت لیے، عرصہ دراز کے بعد قومی کھیل کے اہم ٹورنامنٹ کے فائنل تک رسائی انتہائی خوش آئند ہے، حکومت کھیلوں بالخصوص قومی کھیل ہاکی کے فروغ کے لیے ہرممکن اقدامات کر رہی ہے۔
صدر اور وزیراعظم کی اذلان شاہ ہاکی کپ میں شاندارکارکردگی پرقومی ٹیم کی تعریف
May 11, 2024 | 22:50