کراچی میں سرکاری قیمت پر روٹی کہیں نہیں مل رہی، شہریوں کو 12 روپے کی روٹی اور 17 روپے کے نان کی تلاش ہے۔خیال رہےکہ کمشنر کراچی نے شہر میں تندوری نان 17 جب کہ چپاتی کی قیمت 12 روپے مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے تاہم تندور مالکان کمشنر کراچی کی اعلان کردہ قیمت پر روٹی بیچنے سے مسلسل انکاری ہیں۔چیئرمین آل کراچی تاجر اتحاد عتیق میرکا کہنا ہےکہ تندور مالکان سرکاری قیمت میں روٹی فروخت کرنے پر آمادہ نہیں، تندور پر فروخت ہونے والی روٹی کے آٹےکا معیار اور پیڑے کا وزن بھی چیک کیا جائے۔عتیق میر کا کہنا ہےکہ آٹا مل مالکان بھی آٹےکی قیمت میں واضح کمی کریں، جب کہ حکومت روٹی کی قیمت میں کمی پر عمل درآمد کرائے یا اعلانات واپس لے۔انتظامیہ نے سرکاری نرخ کی خلاف ورزی پرکارروائیاں کرتے ہوئے 3 تندور سیل کردیے۔ترجمان کشمنر کراچی کے مطابق دو تندور کھڈا مارکیٹ اور ایک چاند بی بی روڈ پر سیل کیا گیا۔ترجمان کا کہنا ہےکہ کمشنر کراچی نے ڈپٹی کمشنرز کو روٹی کے سرکاری نرخ سختی سے نافذ کرنےکی ہدایت کی ہے۔