سعودی عرب پاکستان کے ریفائنری سیکٹر میں سرمایہ کاری کیلئے تیار ہوگیا

May 11, 2024 | 23:18

 سعودی عرب پاکستان کے ریفائنری سیکٹر میں بھی سرمایہ کاری کیلئے تیار ہوگیا۔ وفاقی وزیربرائے پیٹرولیم مصدق ملک نے کونسل آف اکنامکس اینڈ انرجی جرنلسٹ(سیج) کے وفد کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پہلی بار بائی بیک گارنٹی کے ساتھ انٹیگریٹیڈ ریفائنری میں سرمایہ کاری کے لئے سعودی عرب نے رضا مندی ظاہر کردی ہے۔ مصدق ملک نے بتایا کہ سعودی عرب، چینی اور پاکستانی سرمایہ کاری کے ساتھ ایک ریفائنری میں سہ فریقی سرمایہ کاری ہو گی،ریفائنری ''بائی بیک'' کے آپشن کے ساتھ قائم کی جائے گی تاکہ فاضل مصنوعات کو عالمی منڈی میں فروخت کرنے کے لیے ایکسپورٹ کیا جاسکے۔۔مصدق ملک نے کہا کہ سعودی گروپ کے پاس تیل اور کیمیکل کی عالمی مارکیٹ میں تجارت کی مہارت ہے اس لیے اس آپشن پر غور کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چینی کمپنی، جو کہ ریفائنری کی تعمیر اور اسے چلانے میں تجربہ اور مہارت رکھتی ہے، اس نئی مربوط ریفائنری کا حصہ ہوگی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ نئی مربوط ریفائنری میں 10 بلین ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری شامل ہے، چینی کمپنی انجینئرنگ، پروکیورمنٹ اور کنسٹرکشن ٹھیکیدار ہوگی اور آپریشن اور دیکھ بھال کا کام بھی کرے گی۔مصدق ملک نے یہ بھی بتایا کہ انٹیگریٹیڈ ریفائنری کیمیکل اور ڈیزل مصنوعات تیار کرتی ہے۔انکا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان ایک چھوٹی منڈی ہے اس لیے ملک میں کیمیکلز کی مانگ اتنی زیادہ نہیں ہے۔ لہذا، اضافی مقدار کو ایکسپورٹ کیا جائے گاانٹیگریٹیڈ ریفائنری سے زرمبادلہ بچانے کے ساتھ ساتھ کمایا بھی جاسکے گا۔ 

مزیدخبریں