بیت المقدس (ثناءنیوز)اسرائیلی حکومت نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں یہودی بستیوں کی توسیع اور بارسو تیرہ نئے مکانات کی تعمیرکے لیے ٹینڈر طلب کیے ہیں۔مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیل کی یہودی بستیوں کےخلاف سرگرم انسانی حقوق کی تنظیمNow Peace کی رپورٹ کے مطابق صہیونی وزارت تعمیرات نے مقبوضہ مشرقی بیت المقدس کی بسیگات زئیف میں 607 ،رموت میں میں 606 جبکہ مغربی کنارے میں آرئیل یہودی کالونی میں 72 مکانات کی تعمیر کے لیے ٹینڈر طلب کیے ہیں۔یہودی انسانی حقوق کی تنظیم کے مطابق یہودی بستیوں میں نئے مکانات کی تعمیر وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو کا صدر محمود عباس کے اقدامات کا عملی جواب ہے۔ کیونکہ صدر محمودعباس متنازعہ یہودی بستیوں کی تعمیر کےخلاف ہیں اورانہیں دو ریاستی حل میں رکاوٹ سمجھتے ہیں۔ یہودی تنظیم نے غیرقانونی طورپر فلسطینی علاقوں میں یہودی بستیوں میں توسیع کی شدید مذمت کی ۔