لبیک یارسول اللہ مارچ جاری نظام مصطفی نافذ کرینگے : مقررین

Nov 11, 2012


لاہور (نامہ نگاران) لبیک یا رسول اللہ لانگ مارچ کراچی کی طرف رواں دواں ہے، گذشتہ رات مارچ رحیم یار خان پہنچ گیا، راستے میں جگہ جگہ مارچ کا شاندار استقبال کیا گیا۔ پھولنگر سے نامہ نگار کے مطابق ملتان روڈ پھول نگر جامع مسجد اڈے والی کے سامنے ہزاروں افراد نے خواجہ نور الزماں اویسی کی قیادت میں لانگ مارچ کے شرکا کا استقبال کیا۔ علامہ پیر سید ریاض حسین شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ توہین انبیا کو آزادی اظہار کے دائرے سے خارج کرنے کےلئے اپنے چارٹر میں تبدیلی کرے اور توہین رسالت کو عالمی جرم قرار دے۔ ایسی جمہوریت کو قبول نہیں کرتے جس میں پیغمبروں کی شان میں گستاخی کی جائے۔ فضل کریم نے کہا کہ قافلہ چل پڑا ہے منزل تک ضرور پہنچے گا، مقررین نے کہا کہ پاکستان کو امریکہ کی کالونی نہیں بننے دیا جائے گا اور نہ ہی ہم امریکہ سے کسی قسم کی ڈکٹیشن لیں گے۔ میاں چنوں میں خطاب کرتے ہوئے صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ پاکستان اسلام کا قلعہ ہے، پاکستان میں قرآن و سنت کی بالادستی ہو گی پاکستان میں نظام جمہوریت نہیں چلے گی بلکہ نظام مصطفی کا نفاذ ہو گا۔ جماعت اہلسنت انتخابات میں بہت بڑی سیاسی جماعت بن کر ابھرے گی۔ امریکہ نے گستاخانہ فلم پر پابندی نہ لگا کر فلم بنانے والے کو سزا نہ دے کر اسلام دشمنی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ہم رسول کریم کی شان پر جان بھی قربان کر دیں گے۔ اس موقع پر سید ریاض حسین شاہ نے کہا کہ جماعت اہلسنت نے گستاخانہ فلم کے خلاف عالمی عدالت سے رجوع کرنے کے لئے دنیا بھر کے سینئر وکلا کا پینل تشکیل دے دیا ہے۔

مزیدخبریں