وزیراعلیٰ کا مزار قائدؒ کا دورہ، ملاقاتیں، تعلقات مزید مضبوط کرنے پر اتفاق

کراچی (ثناءنیوز+ آئی این پی) بھارتی ریاست بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور اُن کی کابینہ کے ارکان نے سپیکر سندھ اسمبلی نثار احمد کھوڑو سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پاکستان بھارت تعلقات کو مزید مضبوط کرنے اور دونوں ممالک کی عوام کو قریب لانے کے لئے اقدامات پر اتفاق کیا۔ ملاقات کے دوران سندھ اسمبلی میں قانون سازی ، صوبہ کی سیاسی صورتحال سمیت دیگر باہمی دلچسپی کے معاملات پر غور کیا گیا، اس دوران سپیکر سندھ اسمبلی نثار احمد کھوڑو نے بہار کے وزیر اعلیٰ اور اُن کی کابینہ کے ممبران کو سندھ اسمبلی میں آنے پرخوش آمدید کہا اور انہیں آگاہ کیا سندھ وہ واحد صوبائی اسمبلی ہے جس نے قراردادپاکستان منظور کی اور پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار اسمبلی اپنی مدت پوری کررہی ہے جو جمہوری عمل کی مضبوطی کا ثبوت ہے اور جمہوریت کی مضبوطی اور تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنے کا کریڈٹ صدر زرداری کے سر جاتا ہے۔ وفد سے باتیں کرتے ہوئے سپیکر سندھ اسمبلی نے کہا پاکستان بھارت سے دوستانہ تعلقات کو مضبوط بنانا چاہتا ہے اور ایسے دورے دونوں ملکوں کی عوام کے مفاد میں ہےں۔ اس موقع پر بہار کے وزیر اعلیٰ نے کہا دونوں ملکوں کے عوام کی خواہش ہے ایک دوسرے کے قریب آئیں اور پاکستان بھارت دوستی کو مضبوط بنایا جائے۔ انہوں نے کہا سندھ ہماری تہذیب کا مرکز ہے اور ہماری تہذیب یہیں سے شروع ہوئی تھی۔ دونوں ملکوں کی خواہش ہے دونوں اطراف آمدو رفت کا سلسلہ بڑھایا جائے اور ویزا پالیسی کو آسان بنایا جائے اور ہم کوشش کررہے ہیں مسائل کو ختم کیا جائے تاکہ دونوں ملکوں کے عوام کی ایک دوسرے کی طرف آمد و رفت آسان ہوسکے۔ قبل ازیں نتیش کمار وفد کے ہمراہ پانچ روزہ سرکاری دورے پر خصوصی طیارے کے ذریعے کراچی پہنچے تو ان کے ہم منصب وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے کابینہ کے ہمراہ ان کا استقبال کیا۔ بعدازاں بہار کے وزیراعلیٰ شری نتیش کمار نے قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری دی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا بھارت اور پاکستان مل کر چلیں تو ترقی ہو گی۔ انہوں نے کہا وہ بھارتی عوام کی جانب سے امن، محبت اور پیار کا پیغام لے کر آئے ہیں۔ سکھر میں قدیم سادھو بیلہ مندر اور تاریخی شہر ٹھٹھہ کا بھی دورہ کریں گے۔

ای پیپر دی نیشن