پشاور (بیورو رپورٹ) صوبہ خیبر پی کے کے وزیر اطلاعات افتخار حسین نے ملالہ اور ان کے ساتھ زخمی ہونے والی طالبات شازیہ اور کائنات کو بھی نوبل امن انعام دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے پاکستان میں 80 فیصد لوگ دہشت گردی کے خلاف ہیں اس اکثریت کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام قوتوں کو دہشت گردی کا ساتھ دینے یا ان کی مخالفت کرنے میں سے کسی ایک راستہ کا حتمی تعین کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا خطہ میں دہشت گردی نے امریکہ، پاکستان اور افغانستان کی پالیسیوں کے نتیجہ میں جنم لیا اب اس کے خاتمہ کیلئے بھی تینوں ممالک کو مل کر باہمی اعتماد کے ساتھ مشترکہ اقدامات اٹھانا ہوں گے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز عالمی یوم ملالہ کے موقع پر مختلف غیر سرکاری تنظیموں کے زیر اہتمام پشاور پریس کلب میں منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع مختار باچہ، ارباب مجیب، جمیل احمد چترالی، ادریس کمال اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور ملالہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے اس بات پر زور دیا دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے سب کو مل کر جدوجہد کرنا ہو گی اور جہالت کے اندھیروں کو ختم کرنے کیلئے علم کی روشنی کو عام کرنا ہو گا۔ افتخار حسین نے کہا دہشت گردی کے واقعات میں عوامی نیشنل پارٹی کے 750 سے زائد عہدیداروں سمیت ہزاروں لوگ جاںبحق اور زخمی ہوئے۔