وزیراعظم سے شہباز شریف کی ملاقات : محرم میں سکیورٹی معاملات پر تبادلہ خیال ‘ انسداد ڈینگی مہم میں غفلت کی کوئی گنجائش نہیں: وزیر اعلی

لاہور(خبر نگار)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ انسداد ڈینگی مہم کو بھر پور طریقے سے جاری رکھا جائے اور کسی بھی عمارت سے ڈینگی لاروا ملنے پر مالک کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔ انسداد ڈینگی مہم میں غفلت یا کوتاہی کی کوئی گنجائش نہیں۔ لاہور سے ویڈیو کانفرنس کے ذرےعے کمشنر آفس راولپنڈی میں انسداد ڈینگی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انسانی جانوں کے تحفظ کےلئے منتخب نمائندے اور تمام محکموں کے سربراہان اپنا فعال کردار ادا کریں۔ صفائی کی صورتحال کو مزید بہتر بنایا جائے اور ان ڈور سرویلنس پر خصوصی توجہ دی جائے۔ ڈینگی کے خاتمے کے ساتھ انسداد پولیو مہم کو بھی بھرپور طریقے سے چلایا جائے اور انسداد پولیو مہم کے دوران منتخب نمائندے اور سرکاری افسران متحرک کردار ادا کریں۔ مزید برآں منتخب نمائندے، ٹکٹ ہولڈرز اور متعلقہ حکام ہسپتالوں اور گلی محلوں میں خود جا کر انسداد ڈینگی انتظامات کا جائزہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ زیر تعمیر عمارات کی چیکنگ پر خصوصی توجہ دی جائے، ٹائروں کو کاٹ کر مناسب طریقے سے ٹھکانے لگایا جائے اور وفاقی محکموں اور اداروں کے سا تھ قریبی رابطہ رکھا جائے۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر انسداد ڈینگی مہم میں کوتاہی اور غفلت کا مظاہرہ کرنے پر ای ڈی او ہیلتھ، ای ڈی او ایجوکیشن اور ڈی او ماحولیات راولپنڈی کو او ایس ڈی بنانے کا حکم دیا۔ مہم کے دوران کوتاہی برتنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لوں گا۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے گذشتہ روز رائے ونڈ میں وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں محرم الحرام کے دوران سکیورٹی کے معاملات زیر بحث آئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے وزیراعظم نوازشریف کو پنجاب میں محرم الحرام کے حوالے سے کئے گئے سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے بریفنگ بھی دی۔ وزیراعظم نے وزیراعلیٰ پنجاب کو ہدایت کی کہ محرم الحرام میں سکیورٹی کی فراہمی کے حوالے سے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے کہا ہے کہ موجودہ حالات غیر معمولی سکیورٹی انتظامات کے متقاضی ہیں، محرم الحرام کے دوران امن وامان کے قیام کو یقینی بنانے کے لئے سکیورٹی ادارے پوری طرح چوکس رہیں۔ عوام کی جان ومال کے تحفظ ،مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارے کی فضا کو برقرار رکھنے کے لئے کوئی بھی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ وضع کردہ سکیورٹی پلان پر پوری طرح عملدرآمد کیا جائے اور تمام سینئر پولیس افسران اس مقصد کے لئے خود فیلڈ میں موجود رہیں۔ وہ صوبے میں امن وامان کی صورتحال اور محرم الحرام کے دوران سکیورٹی انتظاما ت کا جائزہ لینے کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک بد امنی کی آگ میں جل رہا ہے اسے بجھانے کے لئے پوری قوم کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہونا ہوگا۔ آج دشمن ملک کی سالمیت کو نقصان پہنچانے کے درپے ہے اور اس کے مذموم عزائم کو ہم اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کر کے ہی خاک میں ملا سکتے ہیں۔ امن وامان کے قیام سے بڑھ کر کوئی ترجیح نہیں ہو سکتی اوراس مقصد کے لئے پولیس کو تمام تر وسائل فراہم کئے گئے ہیں۔ دہشت گردی کے خاتمے میں ہی ہماری بقا مضمر ہے او ر دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پوری قوم کوملک دشمن عناصر کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بننا ہو گا۔انہوں نے محرم الحرام کے دوران سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے کہاکہ موجودہ حالات میں پر امن فضا کے قیام کے لئے کوئی بھی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ شرپسند عناصر پر کڑی نظری رکھی جائے او ران کے خلاف سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے۔ اشتعال انگیز تقاریر، مواد اورمذہبی منافرت پر مبنی وال چاکنگ کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ گوجرانوالہ سمیت دہشت گردی کے دیگر واقعات میں ملوث ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لانے اور کیفر کردار تک پہنچانے کے لئے موثر اقدمات کئے جائیں۔ دریں اثناءشہباز شرےف نے کہاہے کہ کالا شاہ کاکو موٹروے کے قریب ایک ہزار ایکڑ اراضی پر گارمنٹس سٹی کے قیام کا منصوبہ بے حد اہمیت کا حامل ہے اور ٹیکسٹائل خصوصاً گارمنٹس کے شعبے میں اس کے دور رس نتائج برآمد ہوں گے۔ گارمنٹس سٹی میں ٹیکسٹائل انڈسٹری کےلئے تمام جدید سہولتیں ایک ہی چھت تلے فراہم کی جائیں گی۔ منصوبے کے لئے اراضی کا انتخاب کر لیا گیا ہے او رماسٹر پلان کو بھی جلد حتمی شکل دے دی جائے گی۔ وہ گارمنٹس سٹی کے قیام کے منصوبے پر پیشرفت کا جائزہ لینے کے حوالے سے ا جلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس کے دوران کالا شاہ کاکو موٹروے کے قریب ایک ہزار ایکڑاراضی پر گارمنٹس سٹی کے قیام کا تفصیلی جائز ہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطا ب کرتے ہوئے کہا کہ گارمنٹس سٹی میں مقامی صنعتکاروں کے ساتھ ساتھ غیر ملکی صنعتکاروں کو سرماےہ کاری پر خصوصی مراعات دیں گے۔ وزیراعلیٰ نے گارمنٹس سٹی کےلئے بزنس پلان مرتب کرنے اور لیبر کالونی کی تعمیر کے منصوبے کی منظوری دےتے ہوئے چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی تشکیل دی جو منصوبے کے ماسٹرپلان کے تمام پہلوﺅں کا جائزہ لے کر حتمی سفارشات پیش کر ے گی۔ کمیٹی میں مختلف محکموں کے سیکرٹریوں کے ساتھ ساتھ ٹیکسٹائل ایسوسی ایشن کے 3عہدیداران بھی شامل ہوںگے۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو گارمنٹس سٹی کے منصوبے پر تیز رفتاری سے پیشرفت کی ہدایت کی۔ دریں اثناءشہباز شریف کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں صوبے میں توانائی کے مختلف منصوبوں پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...