جنیوا (این این آئی) ایران اور 6عالمی طاقتوں کے درمیان جنیوا میں ہونےوالے مذاکرات بے نتیجہ ختم ہو گئے ۔ جوہری پروگرام اور پابندیوں سے متعلق متوقع معاہدہ طے نہ پا سکا۔ ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ مذاکرات بے نتیجہ ختم ہونے پر مایوس نہیں جبکہ یورپی یونین کا کہنا ہے کہ ایران سے مذاکرات 20نومبر کے بعد دوبارہ ہونگے۔ سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیو ا میں امریکہ اور 5بڑی عالمی قوتیں ایٹمی پروگرام بند کرنے کے حوالے سے ایران کو منانے کیلئے بیٹھی تھیں۔ آخری راﺅنڈ میں امریکہ، فرانس، برطانیہ، جرمنی اور یورپی یونین کے ممبران کے علاوہ چینی اور روسی ممبران نے بھی شرکت کی۔ برطانوی وزیر خارجہ ولیم ہیگ نے کہا کہ مذاکرات کاروں کو یہ موقع ہاتھ سے نہیں جانے دینا چاہیے لیکن فرانس اور دوسری مغربی طاقتوں کے درمیان ابھرنےوالے اختلاف سے سب کئے کرائے پر پانی پھرگیا۔ ایرانی وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے کہا کہ مذاکرات بے نتیجہ ختم ہونے پر مایوس نہیں،جوہری پروگرام کے حوالے سے بعض معاملات پر سمجھوتا طے پا گیا ہے لیکن باقی پر اب بھی اختلافات ہیں،اس معاملے پر عالمی طاقتوں کے اندر بھی اختلافات پائے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ایران کو یورینیم کی افزودگی جاری رکھنے کی اجازت دی جائے۔
ایران/ مذاکرات