نیروبی (اے پی پی) کینیا کرکٹ ٹیم کے کپتان کولنز اوبویا کو ساتھی کھلاڑی عرفان کریم کے ساتھ جھگڑا کرنے پر معطل کر دیا گیا جس کے باعث اوبویا ورلڈ ٹی ٹونٹی کوالیفائرز کے وارم اپ میچ نہیں کھیل سکیں گے۔ عرفان کریم پر ایک میچ کی پابندی لگائی گئی ہے۔ ورلڈ ٹی ٹونٹی کوالیفائر کا آغاز رواں ماہ متحدہ عرب امارات میں ہو گا۔ معطل ہونے کی وجہ سے اوبویا نمیبیا اور ہانگ کانگ کے خلاف وارم اپ میچ نہیں کھیل سکیں گے۔ تاہم توقع ہے کہ وہ ٹی ٹونٹی کوالیفائرز میں پاپوا نیو گنی کے خلاف پہلے میچ میں ٹیم کیلئے دستیاب ہوں گے۔ کینیا کرکٹ کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق دونوں کھلاڑیوں کے درمیان دورہ سری لنکا کے دوران جھگڑا ہوا تھا اور کھلاڑیوں کو وارننگ جاری کی گئی ہے کہ اگر انہوں نے مستقبل میں اس حرکت کو دوبارہ دوہرایا تو ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔