پاکستان خطرناک نہیں بہادر ملک ہے، غربت اگلی نسل ہی ختم کر سکے گی: بلاول

Nov 11, 2014

لندن (آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان سب سے خطرناک ملک نہیں بلکہ سب سے زیادہ بہادرملک ہے ،پاکستان کی اصل رو ح جمہوریت میں ہے۔ آکسفورڈ یونیورسٹی میں بے نظیر بھٹو کی زندگی پر لکھی گئی کتاب "پاکستانز وارئیر پرنسز " کی تقریب رونمائی سے خطاب میں بلاول بھٹو نے کہا کہ جمہوریت کو دنیا بھر میں چیلنجز لاحق ہیں مگر اس کا حل بھی جمہوریت میں ہی ہے۔ ظلم کے خلاف جھک جانا کوئی آپشن نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ نائین الیون میں امریکا پر حملہ کرنے والے ہوں یا تحریک طالبان پاکستان، داعش ہو یا لندن پر حملہ کرنے والے دہشت گرد ان کی تعدادبہت کم ہے، دہشت گرد اپنے ایجنڈے کونافذ کرنے کے لیے اسلام کا نام استعمال کر رہے ہیں، ان کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔ دریں اثناء بی بی سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا پاکستان اور باقی دنیا میں جاری شدت پسندی کیخلاف لڑائی بے خوف ہوکر لڑنی پڑے گی اور اس لڑائی سے شدت پسندی کو شکست ہوگی انہوں نے کہا کہ شدت پسند اپنے خوف کو بڑھا کر پیش کرتے ہیں ملک سے غربت اگلی نسل ہی ختم کر سکے گی ۔ تھر میں قحط سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ تھر کا مسئلہ پاکستان کو درپیش بے تحاشہ مسائل میں سے ایک ہے لیکن بدقسمتی سے میڈیا کے بعض افراد یہ باور کرانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ یہ سابق وزارت صحت کی نااہلی اور کرپشن کے باعث ہے میں اس بات سے متفق نہیں ۔
بلاول

مزیدخبریں