اسلام آباد(آن لائن) اسلام آباد ہائیکورٹ میں تحریک انصاف کے قائم مقام سیکرٹری جنرل سیف اللہ نیازی کی جانب سے الیکشن کمشن کا قومی و صوبائی اسمبلیوں کے امیدواروں کا فارم نمبر 14 کی سرکاری ویب سائٹ پر مشتہر نہ کرنے کیخلاف دائر درخواست کی سماعت ہوئی۔ پی ٹی آئی کے وکلاء نے عدالت کو بتایا کہ عام انتخابات 2013ء میں قومی و صوبائی اسمبلیوں کے امیدواروں کا فارم نمبر 14 الیکشن کمشن کی ویب سائٹ پر مشتہر نہیں کیا گیا جوکہ سیاسی جماعتوں اور عام شہریوں کا بنیادی حق ہے۔ الیکشن کمشن فارم 14 کو سرکاری ویب سائٹ پر ڈائون لوڈ کرنے کا پابند ہے۔ جسٹس نورالحق این قریشی نے استفسار کیا کہ آپ نے فارم 14 کیلئے الیکشن کمشن سے رجوع کیا ہے؟ پی ٹی آئی کے وکلاء نے عدالت کو بتایا کہ 21 اکتوبر 2014ء کو الیکشن کمشن کو لیگل نوٹس بھجوایا گیا لیکن ابھی تک جواب موصول نہیں ہوا۔ جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ کس قانون کے تحت الیکشن کمیشن اس بات کا پابند ہے کہ وہ فارم نمبر 14 سرکاری ویب سائٹ پر مشتہر کرے۔ پی ٹی آئی کے وکیل نے بتایا کہ الیکشن کمشن آئین کے مطابق اس بات کا پابند ہے۔ عدالت نے کہا کہ آئین کے تحت آپ الیکشن کمشن کو درخواست دے سکتے ہیں لیگل نوٹس نہیں بھیج سکتے۔ جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر سپریم کورٹ کا ایک موجودہ جسٹس ہے‘ آپ کو الیکشن کمشن پر اعتماد کرنا چاہئے۔ پی ٹی آئی ایک پارلیمانی جماعت ہے۔ فارم 14 کے متعلق اگر آئین میں گنجائش موجود نہیں تو پی ٹی آئی پارلیمنٹ میں اپنی تجویز دے کر فارم 14 کے متعلق ترامیم کرا سکتی ہے۔ دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے سماعت ایک ہفتے کیلئے ملتوی کردی۔