راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ + آئی این پی) آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور اطالوی چیف آف سٹاف جنرل کلاڈیوگریزنو نے سکیورٹی اور دفاع کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیاہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق یہ اتفاق دونوں کے درمیان یہاں جنرل ہیڈکوارٹرز میں ملاقات میں کیاگیا۔ ملاقات میں دفاع اور سکیورٹی کے شعبوں میں تعاون اور خطے میں امن و استحکام کیلئے مختلف اقدامات پر بات چیت کی گئی۔ اطالوی چیف آف سٹاف سے ملاقات کے دوران گفتگو میں جنرل راحیل شریف نے کہا پاکستان کے عوام اور مسلح افواج مختلف سکیورٹی چیلنجزکا سامنا کر رہے ہیں، پاکستان خطہ میں امن کا خواہاں ہے۔ اطالوی چیف آف سٹاف نے پاک فوج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا اٹلی پاکستان کے ساتھ دفاعی تعلقات کو مضبوط کرنا چاہتا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اطالوی چیف کو جی ایچ کیو آمد پر گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔ انہوں نے جی ایچ کیو میں شہداء کی یادگار پر پھول بھی چڑھائے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق آرمی چیف راحیل شریف نے کہا پاک فوج کثیر النوعیت چیلنجز سے نبردآزما ہے جس میں وہ سرخرو ہوگی۔ اطالوی آرمی چیف نے کہا پاک فوج امن و استحکام کیلئے مثبت کردار ادا کررہی ہے۔