لاہور (نمائندہ سپورٹس) ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت ملنے پر بہت خوش ہوں، غلطیوں کا ازالہ کروں گا۔ ان خیالات کا اظہار ٹیسٹ کرکٹر محمد عامر نے ’’نوائے وقت‘‘ کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نرمی ربتنے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا ممنون ہوں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی مشکل وقت میں بہت ساتھ دیا۔ پی سی بی کے موجودہ چیئرمین شہریار خان نے بھی میرے کیس میں ذاتی دلچسپی لی جبکہ نجم سیٹھی نے میرے لئے آواز اٹھائی اور دنیا کو قائل کیا۔ کرکٹ بورڈ کے آفیشلز نے بھی بھرپور تعاون کیا۔ محمد عامر نے کہا کہ میرے وکلاء کی ٹیم نے عمدہ انداز میں میرے کیس کو ہینڈل کیا۔ میرے کلب کے کوچ آصف باجوہ نے بہت ساتھ دیا۔ محمد عامر نے کہا کہ میری فیملی نے مشکل وقت میں بہت سپورٹ کی۔ میں نے مشکل وقت گزارا۔ دوستوں کی پہچان ہوئی۔ کرکٹ کو سمجھنے کا موقع ملا ہے۔ باہر بیٹھ کر بہت کچھ سیکھا ہے۔