ابوظہبی ٹیسٹ کا دوسرا روز:566 پر اننگز ڈیکلیئر، پاکستان نے نیوزی لینڈ کو رنز کے پہاڑ تلے دبا دیا

ابوظہبی(نیوز ایجنسیاں)پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز کے اختتام پر نیوزی لینڈ نے 15رنز بنا لئے‘ پاکستانی بلے بازوں نے کیویز کو رنز کے پہاڑ تلے دبا دیا۔ 3 بلے بازوں مصباح الحق، یونس خان اور احمد شہزاد نے شاندار سنچریاں سکور کیں۔ 5 پاکستانی ابتدائی بلے بازوں نے 80 سے زائد رنز سکور کر کے ٹیسٹ میچوں کا نیا ریکارڈ بنا دیا‘ مصباح الحق مسلسل تین سنچریاں بنانیوالے چھٹے پاکستانی بلے باز بن گئے‘ یونس خان نے 3 ٹیسٹ میچوں میں چوتھی سنچری بنائی۔ پہلی اننگز3وکٹوں پر566 رنز بنا کر ڈیکلیئر کر دی۔ تفصیلات کے مطابق پیر کو میچ کے دوسرے روز پاکستان نے 1 وکٹ پر 269 رنز سے اپنی اننگز شروع کی ۔ دونوں ناٹ آئوٹ بلے بازوں نے سکور کو 347 تک پہنچا دیا تاہم احمد شہزاد کے رے اینڈرسن کے بائونسر لگنے سے زخمی ہونے کے بعد آئوٹ ہونے کے بعد یونس خان کھیلنے کیلئے آئے۔ اس موقع پر جب سکور 373 پر پہنچا تو اظہر علی جو اپنی مسلسل تیسری سنچری کی طرف بڑھ رہے تھے 87 رنزبنا کر سوڈھی کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ اس کے بعد کپتان مصباح الحق کھیلنے کیلئے آئے اور یونس خان کے ساتھ مل کر تیزی سے سکور کو آگے بڑھانا شروع کیا اور دونوں نے دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے سے تقریباً 45 منٹ قبل ایک ہی اوور میں اوپر تلے اپنی سنچریاں مکمل کیں اور اس کے سا تھ ہی مصباح الحق نے پاکستانی اننگز ڈیکلیئر کر دی۔ پاکستان نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 566 رنز بنائے۔ دوسرے دن کا جب کھیل ختم ہوا تو نیوزی لینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں کسی نقصان کے بغیر 15 رنز بنائے تھے۔

ای پیپر دی نیشن