فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) زرعی یونیورسٹی میں سعید اجمل انٹرنیشنل کرکٹ اکیڈمی کی بندش کا معاملہ حل ہوگیا۔ اس سلسلے میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی ہدایت پر ڈی سی او نور الامین مینگل نے زرعی یونیورسٹی انتظامیہ اور کرکٹ سٹار کے مابین اکیڈمی کے امور طے کرنے میں اہم کردار ادا کیا جن کی کوششوں سے تمام معاملات کو خوش اسلوبی سے حل کر لیا گیا جس کے مطابق کرکٹ کے شائقین نوجوانوں کے لئے سعید اجمل انٹرنیشنل کرکٹ اکیڈمی کو بحال کر دیا گیا ہے ۔ اس سلسلے میں ڈی سی او نور الامین مینگل اور کرکٹر سعید اجمل نے وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی ڈاکٹر اقرار احمد خاں سے ان کے دفتر میں میٹنگ کی۔ جس میں سعید اجمل انٹرنیشنل کرکٹ اکیڈمی کی بندش اور بحالی کے امور کے بارے میں زرعی یونیورسٹی انتظامیہ اور سعید اجمل کے تحفظات زیر بحث آئے اور اکیڈمی کی بحالی پر اتفاق کرتے ہوئے طے پایا کہ آئندہ اتوار کو سعید اجمل الیون اور ڈی سی او الیون کے مابین دوستانہ کرکٹ میچ کھیلا جائیگا اور یونیورسٹی اور سعید اجمل کے مابین اکیڈمی کو چلانے کے سلسلے میں باقاعدہ معاہدے کے تحت ایم او یو سائن کیا جائے گا جس کی تیاری کیلئے اسسٹنٹ کمشنر صدر رافعہ حیدر اور پرنسپل انفارمیشن آفیسر زرعی یونیورسٹی ڈاکٹر جلال عارف کو ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ اس موقع پر ایک کمیٹی بھی تشکیل دی گئی جس میں زرعی یونیورسٹی کی جانب سے ڈاکٹر جلال عارف‘ ٹریژار‘ ڈائریکٹر سپورٹس اور سکیورٹی نمائندگان اور سعید اجمل‘ اسسٹنٹ کمشنر (صدر)‘ ڈی او سپورٹس اور تنویر شوکت ہوں گے۔ اس موقع پر وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کھیلیں صحت مند معاشرے کا اہم حصہ ہیں یہی وجہ ہے کہ زرعی یونیورسٹی میں کھیلوں کے انعقاد اور فروغ کے لئے اہمیت دی جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہاکی سمیت دیگر کھیلوں کے انٹرنیشنل کھلاڑی بھی اس یونیورسٹی نے تیار کئے ہیں اور کرکٹ کے کھیل کے فروغ اور تربیت کے لئے ہمارے دروازے کھلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اکیڈمی کو سنٹرل مینجمنٹ کمیٹی کی زیر نگرانی چلایا جائے گا تاکہ سکیورٹی خدشات کا احتمال نہ رہے۔ ڈی سی او نور الامین مینگل نے کہا کھیلوں پر ہر گزپابندی نہیں لگائی جا سکتی اور سعید اجمل انٹرنیشنل اکیڈمی کی بندش غلط فہمی کا نتیجہ تھی اس سلسلے میں دونوں اطراف کے تحفظات اور غلط فہمیوں کو دور کر دیا گیا ہے اور یہ اکیڈمی کرکٹ کی ترقی میں کردار جاری رکھے گی۔ کرکٹر سعید اجمل نے ڈی سی او نورالامین مینگل اور وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کرکٹ کے کامیاب مستقبل کیلئے یہ اکیڈمی بہترین کردار ادا کریگی جس سے کرکٹ کے شائقین نوجوان بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔