اسلام آباد + لاہور (سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ سپورٹس) ناصر اقبال نے مصحف سکواش کمپلکس اسلام آباد میں جاری پریذیڈنٹ گولڈ کپ انٹرنیشنل سکواش ٹورنا منٹ جیت لیا۔ فائنل میچ میں پاکستان کے ناصر اقبال اور امریکہ کے ٹاڈ ہیرٹی کے درمیان ایک یکطرفہ مقابلہ ہوا ۔ جس میں ناصر اقبال نے3-0سے کامیابی حاصل کی۔ صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان ممنون حسین ، اس موقع پر مہمانِ خصوصی تھے۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ائیرچیف مارشل سہیل امان جو کہ پاکستان سکواش فیڈریشن کے صدر بھی ہیں اس موقع پر موجود تھے۔ مہمانِ خصوصی نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ سابقہ ورلڈ چیمپئنزجہانگیر خان، قمر زمان، جان شیر خان اور محب اللہ نے بھی یہ میچ دیکھا ۔ غیر ملکی سفراء ، اعلٰی فوجی اور سول حکام کے علاوہ سکواش کے دلدادہ لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے یہ میچ دیکھا۔