لاہور (نمائندہ سپورٹس) پاکستان کی ٹینس سٹار عشنا سہیل نے جنوبی افریقہ کے شہر کیپ ٹاؤن میں آئی ٹی ایف پرو سرکٹ ٹورنامنٹ کے دوسرے راؤنڈ کے لئے کوالیفائی کر لیا ہے۔ پہلے راؤنڈ میں عشنا سہیل نے امریکہ کی الیگزینڈرا کو 3_6، 3_6 سے شکست دے کر مین راؤنڈ میں جگہ بنائی ہے۔اس کامیابی کے ساتھ ہی عشنا سہیل نے ڈبلیو ٹی اے رینکنگ پوائنٹ بھی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہیں۔وہ پروفیشنل سرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والی پہلی کھلاڑی ہیں۔ نوائے وقت کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے عشنا کا کہنا تھا کہ میری کوشش ہے کہ اس کھیل میں اپنی پوری صلاحیتوں کا اظہار کرتے ہوئے ملک کا نام روشن کروں۔ امریکی کھلاڑی کے خلاف کامیابی سے میرے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ آئندہ مقابلوں میں مزید بہتر کارکردگی اور اچھے نتائج کی امید کے ساتھ کورٹ میں اتروں گی۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ مقابلوں میں شرکت سے اچھی پریکٹس اور میچ فٹنس آتی ہے۔میں نے پاکستان میں رہتے ہوئے بھرپور پریکٹس اور ٹریننگ کی تھی۔
عشنا سہیل آئی ٹی ایف پروسرکٹ ٹورنامنٹ کے دوسرے راؤنڈ میں پہنچ گئیں
Nov 11, 2015