نئی دہلی(آن لائن) بھارتی کرکٹ بورڈ نے اپنی میزبانی میں پاکستان کے ساتھ کرکٹ سیریز کھیلنے کی تجویز پیش کردی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق کرکٹ بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ ہم کرکٹ کے مقابلے چاہتے ہیں، ہم کرکٹ کو سیاست کی نذر نہیں کرنا چاہتے ہیں۔اطلاعات کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ اس سلسلے میں کچھ تجاویز پیش کرنے کا ارادہ رکھتا ہے جس کے مطابق پہلی تجویز میں پانچ ون ڈے میچز اور دو ٹی ٹونٹی میچ منعقد ہوں گے۔ دوسری تجویز یہ ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان تین ون ڈے اور دو ٹی ٹونٹی میچ کھیلے جا سکتے ہیں۔بھارتی کرکٹ بورڈ تمام میچز ان شہروں میں کرانے کا ارادہ بھی رکھتا ہے جہاں شیوسینا جیسی جماعتیں مسائل کھڑے نہ کر سکیں۔ بی سی سی آئی حکام کے مطابق حکومت سے بات ہوچکی ہے جبکہ اگلی ملاقات آج 11نومبر کے بعد ہو گی۔ ذرائع کے مطابق بی سی سی آئی کے سیکرٹری انوراگ ٹھاکر وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ سے پاکستان کے خلاف سیریز کے حوالے سے رابطہ کریں گے۔ واضح رہے کہ بی سی سی آئی کے سیکرٹری انوراگ ٹھاکر حمیرپور سے حکمران جماعت بی جے پی کے صوبائی رکن اسمبلی ہیں۔ دسمبر میں پاک بھارت کرکٹ سیریز کے امکانات روشن ہیں۔ بھارتی میڈیا نے اس حوالے سے کئی تجاویز سے بھی پردہ چاک کر دیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ کے سربراہ ششانک منوہر نے گزشتہ روز ہونے والے اجلاس میں اراکین کو بتایا کہ پاکستان بھارت سیریز پاکستان یا متحدہ عرب امارات میں نہیں ہو سکتی تو پھر شمالی بھارت میں اس کا انعقاد کیا جا سکتا ہے لیکن سب انحصار حکومت پر ہے جس سے رابطہ کر لیا گیا ہے۔بھارتی میڈیا نے یہ بھی دعوی ٰکیا ہے کہ سیکرٹری انوراگ ٹھاکر دیوالی کے بعد یونین ہوم منسٹری سے سیریز کے حوالے سے حتمی مذاکرات کریں گے اور متحدہ عرب امارات میں سیریز کے حوالے سے دو تجاویز پیش کریں گے ان میں پانچ ایک روزہ میچ اور دو ٹی 20 یا تین ایک روزہ میچ اور دو ٹی ٹونٹی میچز شامل ہیں۔ سیریز اگر بھارت میں ہوتی ہے تو دونوں بورڈز کا میڈیا رائٹس کی رقم پر ففٹی ففٹی حق ہو گا۔
بھارتی کرکٹ بورڈ اپنی میزبانی میں پاکستان کیساتھ سیریز کھیلنے پرآمادہ
Nov 11, 2015