آسٹریلیا نے ماحولیاتی تحفظ کے عالمی معاہدہ ”پیرس پیکٹ“کی تو ثیق کر دی

اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) آسٹریلیا نے ماحولیاتی تحفظ کے معاہدہ پیرس کلائیمیٹ پیکٹ کی تو ثیق کر دی۔گزشتہ برس پیرس میں طے پانے والا تاریخی معاہدہ گزشتہ چند روز قبل بین الاقوامی قانون بن گیا ہے۔آسٹریلیا کی طرف سے معاہدے کی توثیق کے بعد پیرس معاہدے کی توثیق کرنےوالے ممالک کی تعداد 97 ہو گئی ہے ۔ جن ممالک کی جانب سے تحفظ ماحول کے اس معاہدے کو تسلیم کیا جا چکا ہے۔ وہ دنیا میں مجموعی طور پر فضا میں ضرر رساں گیسوں کے 55 فیصد سے زائد اخراج کے ذمہ دار ہیں۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون کے ترجمان اسٹیفان دوجارک کے بقول بان کی مون نے چار نومبر 2016ءکو ایک تاریخی دن قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ یہ انسانوں اورکرہ ارض دونوں کے لیے تاریخی لمحہ ہے۔پیرس معاہدے پر عملدرآمد کے لیے ضروری تھا کہ کم از کم اتنے ممالک اس کی توثیق کریں جو عالمی سطح پر فضا میں چھوڑی جانے والی ک±ل ضرر رساں گیسوں کا کم از کم 55 فیصد حصہ خارج کر رہے ہوں۔ اس معاہدے کے تحت تمام ممالک ضرر رساں گیسوں کے اخراج میں کمی کرتے ہوئے عالمی حدت میں اضافے کو دو ڈگری سینٹی گریڈ کے اندر لانے کی کوشش کریں گے۔سائنسدانوں اور محققین نے تحفظ ماحول کے اس معاہدے پر 192ممالک کی جانب سے دستخط کیے جانے کو اور آج سے اس کے نافذ العمل ہونے کو خوش آئند قرار دیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن