لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے شادی شدہ خاتون کی جعلی عریاں تصاویر بنا کر اسے فیس بک پر بلیک میل کر کے بھتہ مانگنے والے ملزم کی عبوری ضمانت خارج کردی۔ گرین ٹائون پولیس نے ملزم کو احاطہ عدالت سے گرفتار کر لیا۔ فاضل دو رکنی بنچ نے ملزم منور کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔ ملزم کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ منور کا اس واقعہ سے کوئی تعلق نہیں ہے، مرکزی ملزم کرامت علی ہے جو منور کا بھائی ہے ، لہذا منور کی عبوری ضمانت منظوری کی جائے، ڈپٹی پراسکیوٹر نے موقف اختیار کیا کہ ملزم کرامت اللہ نے اپنے بہن سے مل کر گرین ٹائون کی رہائشی شادی شدہ خاتون کی تصاویر حاصل کیں اور پھر اس میں ردوبدل کر کے انہیں عریاں بنایا اور فیس بک پر اپ لوڈ کر کے خاتون کو بلیک میل کر کے رقم منور کے بینک اکائونٹ میں منگوائی۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد ملزم منور کی عبوری ضمانت خارج کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ ایسے گھنائونے واقعات میں ملوث ملزمان عبوری ضمانت کی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔