کسی سے کوئی شکایت نہ وفاق سے شکوہ ‘کتاب لکھوں گا : عشرت العباد سعیدالزمان صدیقی آج حلف اٹھائیں گے

کراچی(آئی این پی)سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے کہا ہے اچانک عہدے سے ہٹائے جانے پر وفاق سے کوئی شکوہ نہیں ہے۔ آنے والے دنوںمیں کتاب لکھوں گا جس کا نام ’’ وہ جو میں کہہ نہ سکا ‘‘ ہوگا کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن چلتا رہے گا۔صحافیوں سے ملاقات کے دوران انہوں نے کہا 14سال بہت کام کرلیا اب اپنی فیملی کے ساتھ وقت گزاروں گا۔ انہوں نے کہا 2008ء سے اب تک صرف 4 بار اسلام آباد گیا ہوں۔ سبکدوش گورنر سندھ عشرت العباد نے مزار قائد پر حاضری دی اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا دیانتداری سے فرائض انجام دئیے۔ 14 سال تک امتحان تھا بہت سے مسائل کا سامنا کیا۔ مجھے کسی سے کوئی شکایت نہیں دل صاف ہے۔ یقیناً کوتاہیاں بھی ہوئیں لیکن نیت صاف تھی۔ جن کے ساتھ کام کیا ان سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ اپنے صوبے اور بہتری کیلئے جو ممکن ہوا کرتا رہوں گا۔ آن لائن کے مطابق نئے نامزد گورنر سندھ جسٹس (ر) سعیدالزمان صدیقی آج عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ گورنر ہائوس سندھ میں صدر ممنون حسین ان سے حلف لیں گے۔ گزشتہ روز رات 10 بجے ہونے والی تقریب حلف برداری منسوخ کر دی گئی تھی۔

ای پیپر دی نیشن