اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی صدارت میں اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان سٹیل ملز کے ملازمین کو تین ماہ کی تنخواہیں ادا کرنے کی منظوری دے دی گئی۔ اجلاس میں وزارت فوڈ سکیورٹی کی طرف سے دال چنا کی سپلائی اور اس کی بین الاقوامی قیمت کے بارے میں پریزنٹیشن دی گئی۔ وزیر خزانہ نے ہدایت کی دال چنے کی رسد اور اس کی قیمت پر نظر رکھی جائے۔ انہوں نے صوبائی حکومتوں کے ساتھ رابطہ رکھنے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس میں پاور سیکٹر کے لئے سینڈیکیٹڈ ٹرم فنانس فیسلٹی کے حق میں 136 ارب 50 کروڑ روپے کی حکومت کی طرف سے ساورن گارنٹی دینے کی بھی منظوری دی گئی۔