گورنر سندھ کی حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس سندھ میں ہوئی۔چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس سجاد علی شاہ نے سعید الزمان صدیقی سے حلف لیا۔تقریب حلف برداری میں وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ ، صوبائی چیف سیکریٹری، سندھ کابینہ کے اراکین اور دیگر اعلیٰ شخصیات نے شرکت کی۔ حلف اٹھانے کے بعد گورنر سندھ اور وزیراعلٰ سندھ کے درمیان ملاقات بھی ہوئی جس میں کراچی آپریشن سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔مراد علی شاہ نے انہیں گورنر کا عہدہ سنبھالنے پر مباکباد پیش کی۔یکم دسمبر1938 کو لکھنؤ میں آنکھ کھولنے والے سعید الزماں صدیقی نےابتدائی تعلیم لکھنؤ اور ڈھاکا سے حاصل کی۔ انیس سو چون میں پاکستان ہجرت کی اور جامعہ کراچی سے وکالت کا امتحان پاس کیا۔ انیس سو اسی میں سندھ ہائیکورٹ کے جج مقرر ہوئے اور انیس سو نوے میں چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ بنے۔ پھر نو سال بعد چیف جسٹس سپریم کورٹ کے عہدے پر فائز ہوئے۔ سعید الزماں صدیقی نے دوہزار آٹھ میں ن لیگ کے ٹکٹ پر صدارتی الیکشن میں آصف زرداری سے مقابلہ بھی کیا تھا۔