بریت کی درخواست مسترد‘ ظفر حجازی کے خلاف ٹرائل شروع کیا جائے: عدالت

Nov 11, 2017

اسلام آباد (صباح نیوز)ریکارڈ ٹیمپرنگ کیس میں سابق چیئرمین ایس ای سی پی ظفر الحق حجازی کی بریت کی درخواست مسترد کر دی گئی ۔ عدالت نے سابق چیئرمین ایس ای سی پی کے خلاف ٹرائل شروع کرنے کا حکم دے دیا ہے ۔ عدالت نے ایف آئی اے سے ظفر حجازی کے خلاف شہادتیں طلب کر لی ہیں ۔ سپیشل جج سینٹرل ارم خان نیازی کی عدالت میں سماعت شروع ہوئی تو ظفر حجازی نے عدالت سے استدعا کی ان کے خلاف کیس میں کوئی شہادت موجود نہیں اس لیے انہیں اس مقدمہ سے بری کیا جائے تاہم ایف آئی اے پراسیکیوٹر کی جانب سے ظفر حجازی کی درخواست کی مخالفت کی گئی ۔ ان کا کہنا تھا ٹھوس شواہد موجود ہیں اور یہ عدالتی ریکارڈ کا حصہ ہیں ۔ لہذا ظفر حجازی کے خلاف ٹرائل شروع کر دیا جائے ۔ فاضل عدالت نے ظفر حجازی کی بریت کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ٹرائل شروع کرنے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے ایف آئی اے کو 29 نومبر کو ظفر حجازی کے خلاف گواہ پیش کرنے کا حکم دیا ہے ۔ عدالت نے ایف آئی اے سے کہا 29 نومبر کو تمام گواہوں کی فہرست جمع کروائی جائے اور تمام گواہوں کے فرداً فرداً بیان ریکارڈ کئے جائیں تاکہ ظفر حجازی کے خلاف اس مقدمہ کا فیصلہ کیا جا سکے ۔

مزیدخبریں