لاہور (خصوصی رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف نے عوامی رابطہ مہم چلانے کا فیصلہ کر لیا۔ نواز شریف 20 نومبر کو ایبٹ آباد میں جلسہ سے خطاب کریں گے۔ ایبٹ آباد کے بعد شیخوپورہ اور ملتان میں جلسے کئے جائیں گے۔ جلسہ عام کی تیاریوں کی ہدایات بھی جاری کر دی گئیں اور ایبٹ آباد کے ممبران قومی و صوبائی اسمبلی رہنماؤں کو جلسے کی تیاریوں کا ٹاسک دے دیا گیا ہے۔ نواز شریف کی زیرصدارت اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف‘ سعد رفیق‘ مریم نواز‘ پرویز رشید‘ سپیکر پنجاب اسمبلی رانا اقبال اور دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں حلقہ بندیوں‘ آئندہ انتخابات‘ آئینی ترامیم پر بات ہوئی۔ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کو شیخوپورہ سے مسلم لیگ ن شیخوپورہ کے صدر و رکن پنجاب اسمبلی عارف سندھیلہ نے شیخوپورہ میں جلسہ عام کرنے کی پھر دعوت دیدی۔ عارف سندھیلہ نے کہا کہ میاں صاحب میں بہت بار آپ کو اخبارات کے ذریعے بھی دعوت دے چکا ہوں جو صفحہ اول پر شائع ہوئی۔ اس پر میاں نواز شریف مسکرا دیئے اور کہا کہ ضرور شیخوپورہ میں جلسہ کروں گا۔ اس موقع پر وہاں موجود مسلم لیگ ن ضلع ملتان کے صدر بلال بٹ نے بھی میاں نواز شریف کو ملتان میں جلسہ کرنے کی دعوت دی۔ نواز شریف نے وعدہ کیا کہ ملتان کے بعد جلسہ ضرور کروں گا۔ نواز شریف نے کہا ہے کہ ہم نے مشکل حالات میں ملک میں ترقی اور خوشحالی کی نئی بنیاد رکھی ہے‘ دہشت گردی اور لوڈشیڈنگ جیسے مسائل سے قوم کو نجات دلائی ہے۔
مسلم لیگ ن کی عوام رابطہ مہم‘ نوازشریف2 نومبر کو ایبٹ آباد میں جلسہ سے خطاب کریں گے
Nov 11, 2017