اسلام آباد(صباح نیوز)ماحولیاتی تبدیلی کے وزیر مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف کی فعال قیادت میں پوری مسلم لیگ(ن)متحد ہے۔گزشتہ روز ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ محمد نوازشریف مسلم لیگ(ن) کے اعلیٰ رہنما ہیں اور ان کی قیادت میں پارٹی دو ہزار اٹھارہ کے عام انتخابات میں حصہ لے گی۔انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم نے پختہ عزم کے ساتھ کام کیا اور دہشت گردی، اقتصادی صورتحال، توانائی کے بحران اور امن و امان کی صورتحال سمیت دوسرے مسائل پر کامیابی سے قابو پایا جن کا ملک کو دو ہزار تیرہ میں سامنا تھا۔تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر نکتہ چینی کرتے ہوئے مشاہد اللہ خان نے کہا کہ تحریک انصاف کے سربراہ بدعنوانی کے خلاف نعرے بلند کر رہے ہیں لیکن انہوں نے اپنی پارٹی میں بدعنوان عناصر کے خلاف کچھ نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف خیبرپختونخوا میں کوئی تبدیلی لانے میں ناکام رہی ہے۔
مشاہداللہ