75 دن کا حساب مانگنے والے 40 برسوں کا جواب دیں : شاہ محمود

ملتان (نامہ نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے تحریک انصاف کی 75 دنوں کی کارکردگی عوام کے سامنے ہے۔ ہم سے 75 دن کا حساب مانگنے والے گزشتہ 40 برسوں کا حساب دیں۔ 100روزہ ایجنڈے پردرست سمت جا رہے ہیں۔ سابقہ حکومت 266 ارب روپے روزانہ کاقرضہ چھوڑ کر گئی۔ جس ملک میں آمدن کم اور اخراجات زیادہ ہوں وہاں مسائل زیادہ ہوتے ہیں۔ سابقہ حکمرانوں کے پیدا کردہ مسائل ہم بھگت رہے ہیں۔ ملک عرفان کھوکھر کی جانب سے دیئے استقبالیے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا تحریک انصاف کی حکومت عوامی ترقی کے ایجنڈے کی طرف گامزن ہے۔ سابقہ ادوار میں کرپشن کی گئی اور عوام کے ٹیکسوں سے وصول شدہ رقم کو بے دردی سے لوٹا گیا۔ اب ان سے حساب مانگا جا رہا ہے جس پر پی پی اور ن لیگ چور مچائے شور کا راگ الاپ رہے ہیں۔ قبل ازیں رہائش گاہ پر سینکڑوں شخصیات نے ان سے ملاقات کی اور اپنے مسائل بیان کئے۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ان کے حل کیلئے موقع پر احکامات جاری کئے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا امریکا میں قید عافیہ صدیقی کی بقیہ سزا اگر یہاں پوری ہوئی تو ان کی فیملی کو سہولت مل جائے گی۔ انہوں نے کہا سفارتی سطح پر عافیہ صدیقی کو لانے کیلئے جو کرسکتے ہیں کریں گے۔ امریکی اہلکار ریمنڈ ڈیوس کے بدلے عافیہ صدیقی کی رہائی کی پیشکش نہیں کی گئی تھی۔ بھارتی سیاستدان پاکستان کو نشانہ بناکر الیکشن جیتنا چاہتے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فائرنگ کی مذمت کرتے ہیں۔ ایل او سی پر بھارتی فائرنگ مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کی مذموم کوشش ہے۔ بھارت سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کررہا ہے۔ انہوں نے کہا ہماری خواہش اور کوشش ہے کہ افغانستان میں امن قائم ہو، روس بھی خطے کا اہم ملک ہے، روس کو بھی امن مذاکرات میں شامل کرنا چاہتے ہیں، کوشش کررہے ہیں افغان امن عمل کیلئے خطے کی دیگر قوتوں کا تعاون بھی حاصل کیا جائے۔ انہوں نے کہا نیب کے مقدمات میں انکوائریوں سے تحریک انصاف کا کوئی تعلق نہیں، نیب کے مقدمات تحریک انصاف کی حکومت سے پہلے کے ہیں، نیب آزاد ادارہ ہے ہم کسی بھی طرح اثر انداز نہیں ہوسکتے۔این این آئی کے مطابق انہوں نے کہا ملکوں کے درمیان سودے نہیں ہوتے، شکیل آفریدی سے متعلق ہمارا مو¿قف ہے انہوں نے پاکستان کے مفادات کے خلاف کام کیا۔ انہوں نے کہا پٹرول کی قیمت تب نیچے آئے گی جب خطے کے حالات ٹھیک ہوں گے، ایران کی پٹرولیم ایکسپورٹ متاثر ہو گی تو قیمتیں بھی متاثر ہوں گی۔ پاکستان چاہتا ہے کہ یمن میں امن ہو اور غلط فہمیاں دور ہوں۔انہوںنے کہا برآمدات بہتر ہوں گے تو زرمبادلہ میں اضافہ ہوگا اور روپے کی قدر بہتر ہوگی۔ حکومت کو تاریخی کرنٹ اکاونٹ خسارہ ملا، معیشت میں استحکام آئے گا تو ڈالر کی قیمت کم ہوجائے گی۔جتنی فضائی آلودگی لاہور میں ہے اور کہیں نہیں، بھارت نے دھان جلایا ‘یہ بھی آلودگی کی ایک وجہ ہے، ماحول کو بہتر کرنے کیلئے حکومت ایک ٹھوس پروگرام سامنے لائے گی۔چودھری سروروالامعاملہ میرے علم میں نہیں۔
شاہ محمود قریشی

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...