لاہور (خبرنگار+ آئی این پی+آئی این پی) ق لیگ کے رہنما سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی اور وفاقی وزیر ہائوسنگ طارق بشیر چیمہ کی تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کے ساتھ ہونے والی ملاقات کی ویڈیو لیک ہونے کی ابتدائی تحقیقات میں پتہ چلا ہے یہ ویڈیو ق لیگ کے قائدین شجاعت حسین اور پرویز الٰہی کے ذاتی فوٹو گرافر چوہدری محمد اقبال نے میڈیا کو جاری کی اور انہیں تنبیہہ کی گئی ہے کہ وہ آئندہ ایسی غلطی نہ کریں۔ ذرائع کے مطابق یہ ویڈیو چوہدری اقبال نے اپنے موبائل فون سے بنائی تھی اور اس کی آواز میوٹ کئے بغیر غلطی سے میڈیا کو جاری کر دی، جس پر میڈیا میں ہلچل مچ گئی، چوہدری پرویز الٰہی نے اپنے فوٹو گرافر چوہدری اقبال پر برہمی کا اظہار کیا اور آئندہ محتاط رہنے کی ہدایت کی جبکہ چوہدری اقبال کا یہ موقف ہے کہ انہوں نے یہ ویڈیو غلطی سے جاری کی ہے اور جلدی میں وہ اس ویڈیو سے آواز کو میوٹ نہیں کر سکے جس کی وجہ سے یہ سارا معاملہ منظر عام پر آیا۔