اسلام آباد (آئی این پی )وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید کی سرکاری رہائش گاہ میں بندر گھس گئے۔ بندروں نے وفاقی وزیر کو نہ صرف خوفزدہ کیا بلکہ پولیس کی بھی دوڑیں لگوا دیں۔ وفاقی وزیر نے ریسکیو ون فائیو پر کال کی کہ ان کے گھر میں نامعلوم افراد گھس آئے۔ پولیس کے مطابق وزیر مواصلات مراد سعید نے منسٹر انکلیو میں واقع گھر سے کال کی کہ ان کے گھر میں کچھ نامعلوم افراد گھس آئے ہیں اور فوری طور پر پولیس کی بھاری نفری بھیجی جائے جس پر اسلام آباد پولیس اور رینجرز کے دستے جو ریپڈ رسپانس فورس کے طور پر پولیس کے ساتھ گشت کرتے ہیں منسٹر انکلیو پہنچے اور وفاقی وزیر کے گھر کا گھیرائو کیا۔ پولیس اور رینجرز نے قریبی جنگل میں بھی سرچ آپریشن کیا۔