2 کارخانہ داروں کی بازیابی اور تفتیش کیلئے پنجاب پولیس کی ٹیم کا دورہ پشاور

Nov 11, 2018

پشاور (بیورو رپورٹ) پشاور سے اغواء ہونے والے پنجاب کے 2 کارخانہ داروں کی بازیابی اور واقعے کی تفتیش کیلئے پنجاب پولیس کی خصوصی تفتیشی ٹیم نے پشاور کا دورہ کیا اور عینی شاہدین کے بیانات قلمبند کرکے پشاور پولیس سے معلومات کا تبادلہ کیا۔ واضح رہے کہ جمعہ کے روز پنجاب سے تعلق رکھنے والے دو کارخانہ دار ملک طارق ولد ملک سلطان ساکن لاہور اپنے ساتھی وارث کے ہمراہ حیات آباد فیز سیون میں کسٹم کورٹ میں پیشی کیلئے آیا تھا جہاں سے واپسی پر وہ اپنی گاڑی میں جارہے تھے کہ راستہ میں تھانہ پہاڑی پورہ کی حدود پیر زکوڑی پل کے قریب نامعلوم افراد نے اسلحہ کی نوک پر اُنہیں یرغمال بنا لیا اور گاڑی سے اتار کر اپنے ساتھ نامعلوم مقام پر لے گئے، بعدازاں پولیس نے مغوی کارخانہ دار کی گاڑی پیر زکوڑی پل سے برآمد کرلی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے کی تفتیش اور مغویوں کی بازیابی کیلئے پنجاب پولیس کے تفتیشی افسران پر مشتمل ایک خصوصی ٹیم نے پشاور کا دورہ کیا اور جائے وقوعہ کے ارد گرد موجود افراد اور رہائشیوں کے بیانات قلمبند کر لئے۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ ٹیم نے پشاور پولیس کے افسران سے بھی ملاقات کی اور اُن سے اب تک ہونے والی پیش رفت کے حوالے سے معلومات حاصل کرکے پولیس کو تعاون کی یقین دہانی کرا دی۔

مزیدخبریں