لاہور(خبر نگار)سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کی ہدایت پر صوبے بھر میں تجاوزات کے خاتمے کے سلسلے میں کیے گئے اب تک کے کام کی تفصیلات طلب کر لی گئی ہیں اور محکمہ بلدیات نے صوبے کے 24ڈپٹی کمشنرز صاحبان کو مراسلہ جاری کر دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اینٹی اینکروچمنٹ کے تحت اب تک مکمل کی گئی مہم کے بارے میں بتایا جائے اور جہاں جہاں باقی ماندہ کام موجود ہے اُسے فوری طور پر مکمل کرنے کا لائحہ عمل بھی دیا جائے ،تفصیلات کے مطابق لوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے پرفارما بھی جاری کیا گیا ہے جس میں سرکاری زمینوں پر قائم کی گئی غیر قانونی عمارتوں کو گرانے ،ملبہ اٹھانے اور تجاوزات کے خاتمے کے سلسلے میں کی جانے والی سرگرمیوں کی رپورٹ مانگی گئی ہے ‘خط میں کہا گیا ہے کہ یہ مہم کلین اینڈ گرین پنجاب پروگرام کا اہم حصہ ہے اور ہر ضلع میں تجاوزات کے خاتمے کے بعدوہاں صفائی ستھرائی اور اسے خوبصورت بنانے کا عمل شروع ہونا ہے ۔سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے شروع دن سے ہی تجاوزات کے خلاف اصولی اور دو ٹوک موقف اپنایا ہے کہ کسی غریب یا کچی آبادی کو نہیں چھیڑیں گے اور کسی با اثر اور قبضہ گروپ مافیا کو نہیں چھوڑیں گے ،انہوں نے کہا کہ حکومتی اراضی پر قائم پلازے ،پیٹرول پمپ،شادی گھر اور بڑے کاروباری اداروں کو جانا ہوگا اور پنجاب حکومت کہیں بھی کسی قسم کی تجاوزات برداشت نہیں کرے گی۔