لاہور (نمائندہ سپورٹس)نوجوان اوپننگ بلے باز فخر زمان کہتے ہیں کوچ اور کپتان کی طرف سے دیا گیا اعتماد کام آیا تو نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ون ڈے میں بڑی اننگز کھیلی۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپنر فخر زمان آخر کئی میچوں میں ناکامی کے بعد ابوظہبی میں 88 رنز کی اننگز کھیلنے میں کامیاب رہے۔ نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ون ڈے میں اپنی اننگ کا سہرا انہوں نے انتظامیہ کے سر باندھ دیا۔پریس کانفرنس کے دوران فخر زمان خوشگوار موڈ میں نظر آئے اور صحافیوں کے سوالات کے جواب میں چٹکلے چھوڑتے رہے۔ فخر زمان نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز برابر کرنے کی خوشی ہے اب نظریں سیریز جیتنے پر ہیں۔رنز نہ کرنے پر دبائو تھا تاہم کوشش کی کہ زیادہ سے زیادہ کیریز پر ٹھہر سکوں ‘حکمت عملی میں کامیاب رہا ‘سنچری نہ کرنے کا افسوس ہے ۔ کوشش ہوگی آئندہ میں اچھی کارکردگی کا مظاہر ہ کروں اور میری کارکردگی ٹیم کی جیت میں کام آئے ۔
فخر زمان نے اچھی کارکردگی کا سہرا انتظامیہ کے سر باندھ دیا
Nov 11, 2018