لاہور (نمائندہ سپورٹس)پاکستان کرکٹ بورڈ نے شون پراپرٹی بروکرز کی زیر ملکیت فرنچائز ملتان سلطانز کا معاہدہ منسوخ کردیا ہے جس کے بعد فرنچائز کے تمام تر مالکانہ حقوق واپس پاکستان کرکٹ بورڈ کو منتقل ہو گئے ہیں۔ملتان سلطانز کی ٹیم طے شدہ وقت کے مطابق متعدد مواقع ملنے کے باجود بنک گارنٹی جمع کرانے میں ناکام رہی جس کے بعد پی سی بی نے ان کا معاہدہ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا۔پاکستان کرکٹ بورڈکے مطابق ملتان سلطانز کی جانب سے معاہدے کے مطابق مالیاتی امور طے شدہ وقت پر انجام نہ دینے پر سابق فرنچائز کا معاہدہ منسوخ کردیا گیا ہے۔بورڈ نے تصدیق کی کہ پاکستان سپر لیگ کا چوتھا ایڈیشن اپنے وقت پر منعقد ہو گا اور اس میں گزشتہ ایڈیشن کی طرح 6ٹیمیں شرکت کریں گی۔کھلاڑیوں اور کوچ کے معاہدوں کی تمام تر ذمے داری پی سی بی پر ہو گی اور جب تک مزید معاملات طے نہیں پا جاتے، اس وقت تک اس فرنچائز کو ’چھٹی ٹیم‘ کے نام سے پکارا جائے گا۔چوتھے ایڈیشن کیلئے ڈرافٹ کا عمل 20نومبر کو ہو گا اور اس میں پاکستان کرکٹ بورڈ ’چھٹی ٹیم‘ کے لیے کھلاڑیوں کا انتخاب خود کریگا۔ بورڈ نے واضح کیا کہ کسی نئے فریق کو ’چھٹی ٹیم‘ کے حقوق کی منتقلی کے لیے باقاعدہ ٹینڈر نوٹس جاری کیا جائے گا اور پھر طے شدہ ضابطوں اور اصولوں کے مطابق تمام تر حقوق اس فریق کو منتقل ہو جائیں گے جس کے بعد وہ فرنچائز کو اپنی مرضی کے شہر کے انتخاب اور نام دینے میں خود مختار ہو گا۔پی ایس ایل کی چھٹی ٹیم کی بولی کیلئے بورڈ نے 5.2ملین ڈالر سالانہ کی بنیادی رقم مختص تھی اور شون گروپ واحد فریق تھا جس نے بولی کے عمل میں حصہ لے کر فرنچائز اپنے نام کر کے اسے ’ملتان سلطان‘ کا نام دیا تھا۔پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کا آغاز 14فروری 2019 کو متحدہ عرب امارات میں ہو گا۔