ایران کے صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ امریکا کی طرف سے ایران پرعاید کی جانے والی اقتصادی پابندیاں ہماری معیشت کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچا سکتیں۔ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن چینل پر نشر کیے گئے بیان میں حسن روحانی نے کہا کہ ایرانی قوم کو امریکی پابندیوں کے اعلان سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔ امریکی پابندیاں ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتیں۔ امریکا کی طرف سے عاید کردہ اقتصادی پابندیوں کے باوجود ہم عالمی منڈی میں تیل کی فروخت جاری رکھیں گے۔ انہوںنے کہا کہ ایران کو نیچا دکھانے اور کم زور کرنے کے لیے امریکا نے کون سا حربہ استعمال نہیں کیا۔ اقتصادی پابندیوں کا سلسلہ سال ہا سال سے جاری ہے۔ ہمارے خلاف امریکا کا یہ کوئی نیا فیصلہ نہیں۔ اگر امریکا کی پابندیاں ماضی میں ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکیں توآئندہ بھی ہمیں کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتیں۔خیال رہے کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 5 نومبر کو ایران پراقتصادی پابندیوں کے دوسرے مرحلے کا اعلان کیا ہے۔ دوسرے مرحلے میں ایران کے تیل اور توانائی کے سیکٹر کو خاص طور پرنشانہ بنایا گیا اور ایران کے 700 افراد اور ادارے بلیک لسٹ کیئے گئے ہیں۔